بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے نواں کلی سرہ غڑگئی میں ہونے والے ایک زور دار دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق، جب کہ 7 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے نواں کلی سرہ غڑگئی میں دھماکا اُس وقت ہوا، جب متاثرہ افراد ایک گاڑی میں کوئلہ کان کی جانب جا رہے تھے۔زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے کے فوری بعد علاقے کو سیل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی موقع پر طلب کر لیا گیا ہے تاکہ دھماکے کی نوعیت اور مواد کا تعین کیا جا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی اصل وجہ اور مواد کے بارے میں حتمی معلومات بم ڈسپوزل ٹیم کی رپورٹ کے بعد فراہم کی جا سکیں گی۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا، جس سے آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور پورا علاقہ دھواں دھواں ہو گیا۔ دھماکے کے بعد فضا میں خوف و ہراس پھیل گیا، جب کہ سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں جانان، سیف الرحمان، سمیع اللہ، زبیع اللہ، محمد آصف، نصیب اللہ اور جمیل احمد شامل ہیں، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ سیکیورٹی ادارے اور قانون نافذ کرنے والے حکام واقعے کی تفتیش میں مصروف ہیں اور دھماکے کے محرکات اور ذمہ دار عناصر کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔
نوٹ: مزید تفصیلات جلد شامل کی جائیں گی۔