موجودہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں پاکستانی قوم کا جذبہ ایک بار پھر عروج پر ہے۔ قومی سطح پر عوام اور ریاستی ادارے اس عزم کے ساتھ متحد نظر آ رہے ہیں کہ ملک کی بقا، سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
سینیئر صحافی سلمان غنی نے ‘پاکستان میٹرز’ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب بھی قوم اپنی فوج کے پیچھے کھڑی ہوئی، تاریخ نے دیکھا کہ وہ قوم سرخرو ہوئی۔ آج بھی یہی جذبہ پاکستان کی افواج اور ایئر فورس کے ساتھ کھڑے 24 کروڑ عوام میں نظر آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈین وزیرِاعظم نریندرا مودی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آ چکا ہے۔ مغربی میڈیا انہیں “گجرات کا قصائی” قرار دے چکا ہے اور انہی الزامات کے تحت ماضی میں کئی سال تک مغربی ممالک نے ان پر سفری پابندیاں بھی عائد کی تھیں۔
سلمان غنی کا کہنا ہے کہ نریندرا مودی ایک فاشسٹ ذہنیت کا حامل شخص ہے، جو پاکستان کی سالمیت کے درپے ہے۔ پلوامہ حملے جیسے واقعات کے اصل محرکات آج بھی سوالیہ نشان ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ عوامی حلقے اس بات پر متفق ہیں کہ ہمیں صرف بیرونی خطرات ہی نہیں، بلکہ اندرونی تضادات کا بھی خاتمہ کرنا ہوگا۔ بطور پاکستانی، ایک متحد اور ذمہ دار قوم بننے کی ضرورت ہے۔
سینیئر صحافی کا کہنا تھا کہ مودی حکومت زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہ سکے گی کیونکہ اس کی بنیادیں نفرت، جبر اور ظلم پر قائم ہیں، جو تاریخ کے کسی بھی دور میں پائیدار نہیں رہیں۔