پاکستانی رومانوی ڈرامہ ’تیرے بن‘ نے جنوبی ایشیائی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں نئی تاریخ رقم کردی، جس کی پہلی قسط نے یوٹیوب پر 10 کروڑ سے زائد ویوز حاصل کرلیے۔
ڈرامہ سیریل تیرے بن عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کی پروڈکشن کمپنی “سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ” کے بینر تلے تیار کیا گیا اور دسمبر 2022 سے جولائی 2023 تک جیو ٹی وی پر نشر ہوتا رہا۔
کل 58 اقساط پر مشتمل اس سیریل میں وہاج علی اور یمنہ زیدی نے مرکزی کردارادا کیے، جن کی زبردست اداکاری اور جاندار کیمسٹری نے ناظرین کے دل جیت لیے۔ واضح رہے کہ یہ ڈرامہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مقبول رہا ہے۔
تیرے بن کی کہانی میرب اورمرتسم کے گرد گھومتی ہے، جس میں میرب ایک باہمت، تعلیم یافتہ لڑکی اور مرتسم ایک روایتی جاگیردارہے، جن کی شادی خاندانی دباؤ کے تحت ہوتی ہے۔
یہ رشتہ رفتہ رفتہ ایک جذباتی سفر میں تبدیل ہو جاتا ہے، جس میں غلط فہمیاں، محبت، انا اور ٹکراؤ شامل ہیں۔ ڈرامہ اپنی شدت سے بھرپور کہانی، جذباتی گہرائی اور شاندار سینماٹوگرافی کے باعث نمایاں رہا۔

اس ڈرامے کا ایک اور نمایاں پہلو اس کا اوریجنل ساؤنڈ ٹریک تھا، جسے شانی ارشد نے کمپوز کیا اور شانی ارشد و یاشال شاہد نے گایا۔ گانا “تیرے بن جیا جائے نہ” نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔
اگرچہ ڈرامے کے دوسرے حصے کی رفتاراوراچانک تبدیلی پر کچھ ناظرین نے تنقید بھی کی، لیکن اس کے باوجود تیرے بن نے حالیہ برسوں میں سب سے مضبوط فین بیس قائم کیا۔
سوشل میڈیا پر اس کی ہر قسط کے بعد مداحوں کے تبصرے، ایڈیٹس اور تجزیے دیکھنے کو ملتے رہے، جو اختتام کے بعد بھی جاری رہے۔
23ویں لکس اسٹائل ایوارڈز 2025 میں تیرے بن نے ویورز چوائس کے تحت چار بڑے اعزازات اپنے نام کیے، جن میں بیسٹ ٹی وی پلے، بیسٹ او ایس ٹی اور وحاج علی و یمنہ زیدی کے لیے بہترین اداکاری کے ایوارڈز شامل ہیں۔
یاد رہے کہ مداحوں کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ پروڈیوسرز نے تصدیق کی ہے کہ تیرے بن سیزن 2 2025 میں پیش کیا جائے گا۔