پاکستان بزنس فورم کے زیر اہتمام صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں منعقد ہونے والی میرا برانڈ پاکستان نمائش کی کامیابی پر تاجروں، نمائش کنندگان اور عوام کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔ نمائش میں شامل مختلف برانڈز کے نمائندوں نے اپنی آراء پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بزنس فورم نے ایک شاندار اور منظم نمائش کا انعقاد کیا، جس نے عوام اور تاجروں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔
میرا برانڈ پاکستان نمائش کے تمام نمائش کنندگان نے نمائش کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم سب پاکستان بزنس فورم کے شکرگزار ہیں، جنھوں نے اس کا انعقاد کرکے تاجروں اور عوام کے درمیان براہ راست رابطے کو ممکن بنایا۔ اس کے ساتھ عوام کی بھرپور پذیرائی اور خریداری نے ہمارے اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔
دوسری جانب کوئس فوڈز کے نمائندے کا کہنا تھا کہ ہمیں اس نمائش میں زبردست ردعمل ملا، عوام نے ہماری پروڈکٹس میں گہری دلچسپی ظاہر کی جس سے ہماری حوصلہ افزائی ہوئی۔اس کے علاوہ ہم نے خریداروں کو خصوصی رعایت بھی فراہم کی۔

اس کے ساتھ ہی مینیو فوڈز کے نمائندوں نے نمائش کو ہر لحاظ سے کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بزنس فورم کی یہ کاوش عوام اور مقامی برانڈز کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی ہے۔ ہم فورم اور اہلِ کراچی کے شکر گزار ہیں۔
اس کے علاوہ بونا پاپا کے نمائندے نے کہا کہ پاکستانی عوام مقامی مصنوعات کو فروغ دینے میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں۔ ایسے مواقع بار بار فراہم کیے جائیں تو یہ ملکی معیشت، روزگار، اور زرمبادلہ میں اضافے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان بزنس فورم کے صدر سہیل عزیز اور سیکریٹری جنرل عامر رفیع نے نمائش کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 18 اور 19 جنوری کو عوام اور تاجروں کی جانب سے ملنے والے زبردست ردعمل کے بعد ہم اگلے سال اس نمائش کو مزید بڑے پیمانے پر منعقد کریں گے۔مزید یہ کہ میرا برانڈ پاکستان اب بزنس فورم کی پہچان بن چکا ہے، اب ہماری کوشش ہے کہ یہ پلیٹ فارم مقامی مصنوعات کو فروغ دینے اور عوام کو معیاری مصنوعات فراہم کرنے کے لیے ایک مستقل ذریعہ بنے۔
میرا برانڈ پاکستان کی کامیابی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ برانڈ کی کامیابی نے یہ ثابت کر دیا ہےکہ پاکستانی عوام مقامی مصنوعات کو ترجیح دیتے ہیں اور ان کے فروغ میں بھرپور تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔ یہ نمائش نہ صرف عوامی سطح پر مقامی برانڈز کو متعارف کرانے کا ذریعہ بنی بلکہ معاشی استحکام کی جانب ایک اہم قدم بھی ثابت ہوئی۔

یاد رہے کہ غیر ملکی برانڈ کا پاکستان میں بائیکاٹ کرنے کے لیے کراچی میں “میرا برینڈ پاکستان ” کے نام سے پاکستان بیزنس فورم کے تعاون سے 2 روزہ نمائش ایکسپو سنٹر کراچی میں منعقد کی گئی۔ نمائش میں پاکستان کے 500 برینڈز نے حصہ لیا ، جن کے 400 اسٹالز لگائے گئے ، جبکہ گزشتہ سال یعنی کہ 2024 میں میرا برینڈ پاکستان میں 200 اسٹالز لگائے گئے تھے۔
ہفتہ کے روز جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے اس 2 روزہ نمائش کا ایکسپوسنٹر کراچی میں افتتاح کیا۔ نمائش کے افتتاح کے موقع پرامیر جماعت اسلامی پاکستان کے ساتھ صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جاوید بلوانی ،جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکرٹری امیر العظیم، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان،،صدر پاکستان بزنس فورم کراچی چیپٹر سہیل عزیز،جنرل سیکرٹری عامر رفیع،سینئر نائب صدرفیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ثاقب فیاض مگوں و دیگر بھی موجود تھے۔