Follw Us on:

عیدالاضحیٰ: شوگر، بلڈ پریشر اور دل کے مریضوں کو کتنا گوشت کھانا چاہیے؟

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
عام طور پر صحت مند افراد بھی ریڈ میٹ (سرخ گوشت) کی مقدار کو ایک ہفتے میں 350 سے 500 گرام تک محدود رکھیں۔ (فوٹو: گلوبل ویلیج)

عیدالاضحیٰ پر ماہرینِ صحت کا انتباہ، گوشت کا استعمال اعتدال سے کریں، زیادہ مقدار بدہضمی اور امراضِ قلب کا سبب بن سکتی ہے

پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے لاکھوں مسلمان قربانی کے جانور ذبح کر رہے ہیں اور ایک دوسرے کو دعوتوں پر مدعو کر کے خوشیاں سمیٹ رہے ہیں۔ تاہم، عید کے موقع پر کھانوں کی فراوانی اور گوشت کے بے دریغ استعمال سے صحت کے مسائل پیدا ہونے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔

ماہرینِ صحت نے عید کے ان خوشیوں بھرے ایام میں عوام کو گوشت اور چٹ پٹے کھانوں کے استعمال میں اعتدال برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گرم موسم میں زیادہ گوشت کھانے سے بدہضمی، تیزابیت، پیٹ درد اور دیگر معدے کے مسائل جنم لے سکتے ہیں۔

اسی حوالے سے سوشل میڈیا پر معروف معالج ڈاکٹر ریحان عمر کی ایک ویڈیو زیرِ گردش ہے جس میں انہوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ خاص طور پر دل، شوگر اور بلڈ پریشر کے مریضوں کو گوشت کے استعمال میں سخت احتیاط برتنی چاہیے۔ انہوں نے تجویز دی کہ جن افراد کو انجائنا یا دل کا دورہ پڑ چکا ہے یا جو ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس جیسے امراض میں مبتلا ہیں، وہ پورے ہفتے میں صرف آدھا کلو یعنی تقریباً پانچ سو گرام گوشت کھائیں۔

ڈاکٹر ریحان عمر کا کہنا ہے کہ عام طور پر صحت مند افراد بھی ریڈ میٹ (سرخ گوشت) کی مقدار کو ایک ہفتے میں 350 سے 500 گرام تک محدود رکھیں تاکہ نظامِ ہاضمہ پر بوجھ نہ پڑے اور دل کی صحت متاثر نہ ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی کو یورک ایسڈ، دل کی بیماری یا کولیسٹرول کا مسئلہ درپیش ہے تو اسے گوشت کے استعمال میں مزید احتیاط برتنی چاہیے۔

انہوں نے کھانوں میں نمک کے استعمال کے حوالے سے بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ تیار کھانوں پر اوپر سے نمک ہرگز نہ ڈالیں اور عمومی طور پر نمک کی مقدار کم رکھیں۔ انہوں نے یہ بھی مشورہ دیا کہ کم چکنائی والا گوشت استعمال کریں اور تیل کا استعمال بھی معتدل رکھا جائے تاکہ دل، جگر اور معدے پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔

عیدالاضحیٰ پر جہاں قربانی ایک اہم مذہبی فریضہ ہے، وہیں کھانے پینے میں میانہ روی بھی نہایت ضروری ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عید کی خوشیوں سے بھرپور لطف اٹھانے کے لیے صحت کا خیال رکھنا لازمی ہے، کیونکہ احتیاط نہ کی گئی تو یہ خوشی بیماریاں لے سکتی ہے۔

طبی ماہرین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کے دنوں میں گوشت کو مناسب مقدار میں استعمال کریں، کھانوں میں توازن رکھیں اور خاص طور پر بیمار افراد معالج کے مشورے کے بغیر گوشت کی زیادہ مقدار استعمال نہ کریں۔ یہ احتیاط نہ صرف صحت کے لیے بہتر ہے بلکہ عید کی خوشیوں کو برقرار رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہو گی۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس