Follw Us on:

ن لیگ عوام کو نہیں بلکہ خود کو بیوقوف بنا رہی ہے، پرویز الٰہی

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
پی ٹی آئی کے صدر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست ماضی کی طرح اب قابلِ قبول نہیں رہی۔ (فوٹو: ڈان)

پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی نے مسلم لیگ (ن) پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ والے عوام کو نہیں بلکہ خود کو بیوقوف بنا رہے ہیں، جبکہ اب عوام باشعور اور بیدار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کے موقع پر قوم اور فوج کو جب بھی ضرورت پڑی، سب سے پہلے پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور انہوں نے خود بیان دیا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے قربانیاں دے کر امن قائم کیا ہے، اور پوری قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہماری فوج نے شہادتیں دے کر فتح حاصل کی، پوری قوم پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔”

انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن آج کا پاکستانی ووٹر اب ماضی کی طرح نہیں رہا۔ ان کے بقول، “ن لیگ والے عوام کو نہیں بلکہ خود کو بیوقوف بنا رہے ہیں، کیونکہ آج کا ووٹر باشعور ہو چکا ہے۔”

چوہدری پرویز الٰہی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے حالیہ بیانات میں دعویٰ کیا ہے کہ جنگ کا منصوبہ بھی میاں نواز شریف نے تیار کیا تھا۔ اس پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا، “شکر ہے ن لیگ والوں نے یہ نہیں کہا کہ علامہ اقبال والا خواب بھی نواز شریف نے ہی دیکھا تھا۔”

پی ٹی آئی کے صدر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست ماضی کی طرح اب قابلِ قبول نہیں رہی، اور عوام اب جذباتی نعروں کے بجائے حقیقی کارکردگی اور قومی بیانیے کو دیکھتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ (پی ٹی آئی) ہمیشہ ملکی مفادات اور اداروں کے استحکام کے لیے کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی اپنا کردار اسی جذبے کے تحت ادا کرے گی۔

پرویز الٰہی نے اس موقع پر یہ بھی واضح کیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت ہر مشکل وقت میں قوم کے ساتھ کھڑی رہی ہے، اور ریاستی اداروں کے خلاف کوئی مہم جوئی یا بیانیہ ان کی جماعت کا حصہ نہیں رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی، قومی سلامتی، اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو سنجیدہ اور باوقار طرزِ سیاست اختیار کرنی چاہیے، تاکہ پاکستان کو درپیش مسائل کا حل نکالا جا سکے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس