Follw Us on:

پاکستان اکنامک سروے 2024-25 ملک میں اسکولز، اساتذہ اور طلبا کی صورتحال کیا رہی؟

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Web image template (13)
ملک میں 38 فیصد بچے اسکول سے باہر ہیں۔ (فوٹو: گوگل)

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ پاکستان اکنامک سروے 2024-25 میں ملک کے تعلیمی شعبے کی صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے، جس کے مطابق ملک بھر میں اسکول سے باہر بچوں کی تعداد تشویشناک حد تک پہنچ گئی ہے، بالخصوص لڑکیاں سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ملک میں 38 فیصد بچے اسکول سے باہر ہیں، جن میں لڑکیوں کی شرح 42 فیصد تک جا پہنچی ہے۔ بلوچستان میں یہ مسئلہ سب سے سنگین ہے، جہاں 69 فیصد بچے اسکول نہیں جاتے، جب کہ پنجاب میں 32 فیصد بچے تعلیم سے محروم ہیں۔

اکنامک سروے میں خوش آئند پہلو یہ بھی سامنے آیا کہ تعلیمی اداروں اور اساتذہ کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، ملک بھر میں پرائمری اسکولز کی تعداد 1 لاکھ 66 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

سروے کے مطابق پرائمری سطح پر اساتذہ کی تعداد 5 لاکھ 6 ہزار سے زائد ہو چکی ہے، جب کہ ہائی اسکولز میں اساتذہ کی تعداد 7 لاکھ 33 ہزار تک پہنچ گئی ہے، جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

Web image template (14)
پرائمری سطح پر اساتذہ کی تعداد 5 لاکھ 6 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ (فوٹو: گوگل)

یونیورسٹیوں کی مجموعی تعداد 269 ہو گئی ہے، جہاں طلباء کی تعداد 19.5 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔

مڈل اسکول کے طلباء کی تعداد میں 4.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو تعلیمی رجحان میں بہتری کی نشاندہی کرتا ہے۔

وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے تعلیم کے فروغ کے لیے بڑے پیمانے پر بجٹ مختص کیے اور متعدد منصوبے شروع کیے ہیں، وفاقی حکومت نے تعلیم کے لیے 20.75 ارب روپے کی لاگت سے 22 منصوبے شروع کیے ہیں۔

پنجاب نے سب سے بڑا تعلیمی بجٹ 65.5 ارب روپے مختص کیا ہے، سندھ میں 713 تعلیمی اسکیموں کے لیے 48.03 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں 156 منصوبے 15.26 ارب روپے کی لاگت سے جاری ہیں، گلگت بلتستان میں اسکول انفراسٹرکچر کے لیے 19 کروڑ روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔

Web image template (15)
خیبرپختونخوا میں 156 منصوبے 15.26 ارب روپے کی لاگت سے جاری ہیں۔ (فوٹو: گوگل)

اقتصادی سروے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حکومت نے “اسکلز فار آل” جیسے پروگرامز کے ذریعے ووکیشنل اور ہنر مند تعلیم پر خصوصی توجہ دی ہے تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے قابل بنایا جا سکے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس