Follw Us on:

آئی سی سی ہال آف فیم میں دھونی، ہیڈن، ٹیلر، اور ثنا میر شامل، سات نئے کھلاڑیوں کو اعزاز سے نوازا گیا

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
ثنا میر کو یہ اعزاز حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹر ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ (فوٹو: ایکسپریس ٹریبیون)

عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل سے دو روز قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ہال آف فیم میں سات نئے کھلاڑیوں کو شامل کر لیا ہے، جن میں پاکستان کی سابق کپتان ثنا میر، بھارت کے مہندر سنگھ دھونی، آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن، نیوزی لینڈ کے ڈینیئل ویٹوری، جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ اور گریم اسمتھ، اور انگلینڈ کی سارہ ٹیلر شامل ہیں۔

ثنا میر کو یہ اعزاز حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹر ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے 2005 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا، اور 72 ون ڈے اور 65 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی قیادت کی۔ انہوں نے 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتے اور 2018 میں آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں دنیا کی نمبر ایک بولر بھی قرار پائیں۔ ثنا نے 151 ون ڈے وکٹیں حاصل کیں اور اپنی آف بریک بولنگ سے کئی اہم کامیابیاں دلائیں۔

ثنا میر نے اعزاز ملنے پر کہا: “بطور بچی میں نے صرف یہ خواب دیکھا تھا کہ ہمارے ملک میں کبھی خواتین کی کرکٹ ٹیم بھی ہو۔ آج ان لیجنڈز کے ساتھ میرا نام شامل ہونا، جنہیں میں نے اس وقت سے سراہا جب میرے ہاتھ میں بیٹ یا بال بھی نہیں تھا، میرے لیے ناقابل یقین لمحہ ہے۔”

سابق بھارتی کپتان ایم ایس دھونی کو تمام طرز کی آئی سی سی وائٹ بال ٹرافیز جیتنے والے واحد کپتان ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے 2007 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، 2011 میں ون ڈے ورلڈ کپ اور 2013 میں چیمپئنز ٹرافی جیتی۔ وہ 350 ون ڈے میچز میں 50 سے زائد کی اوسط سے 10 ہزار سے زیادہ رنز بنا چکے ہیں۔ ان کی قیادت میں بھارت ٹیسٹ رینکنگ میں بھی سرفہرست آیا۔

سابق بھارتی کپتان ایم ایس دھونی کو تمام طرز کی آئی سی سی وائٹ بال ٹرافیز جیتنے والے واحد کپتان ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ (فوٹو:انڈین میڈیا)

دھونی نے کہا: “یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میرا نام ان عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ شامل کیا گیا ہے جنہوں نے کرکٹ کی دنیا میں ناقابل فراموش خدمات انجام دیں۔”

آسٹریلوی اوپنر میتھیو ہیڈن نے اپنی جارحانہ بیٹنگ سے دنیا بھر کے باؤلرز کو مشکل میں ڈالا۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 30 سنچریاں اسکور کیں اور دو مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ رہے۔

جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ پہلے جنوبی افریقی کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹیسٹ میں ٹرپل سنچری اسکور کی۔ وہ مجموعی طور پر 55 بین الاقوامی سنچریوں کے ساتھ ایک شاندار کیریئر کے حامل ہیں۔ گریم اسمتھ نے 22 برس کی عمر میں کپتانی سنبھالی اور 109 ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی قیادت کی، جن میں سے 53 میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے 150 ون ڈے میچوں میں بھی کپتانی کی۔

نیوزی لینڈ کے سابق کپتان ڈینیئل ویٹوری نے 4000 رنز اور 300 وکٹیں لے کر ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کیا۔ انہوں نے 2009 کی چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے رنر اپ پوزیشن حاصل کی۔

انگلینڈ کی سارہ ٹیلر نے 2009 میں خواتین کی ورلڈ کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ 2017 میں لارڈز میں ہونے والے فائنل میں بھارت کے خلاف جیت میں بھی نمایاں رہیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 232 شکار کیے اور ذہنی صحت پر بیداری پیدا کرنے میں بھی مؤثر کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا: “آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونا میرے کیریئر کے بہترین لمحات میں سے ایک ہے۔ اس اعزاز کو ایسے وقت میں حاصل کرنا جب خواتین کی کرکٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے، میرے لیے انتہائی خوشی کا باعث ہے۔”

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس