Follw Us on:

ائیر فرانس کا پاکستانی فضائی حدود کا دوبارہ استعمال

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Air france

فرانس کی قومی ایئر لائن “ائیر فرانس” نے ایک طویل وقفے کے بعد پاکستانی فضائی حدود کا استعمال دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ یہ پیش رفت پاکستان انڈیا کشیدگی کے بعد معمولات کی بحالی کی جانب ایک اور اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔

24 اپریل کو پاکستان نے اپنی فضائی حدود انڈین فضائی کمپنیوں اور طیاروں کے لیے بند کر دی تھی۔ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی اور فضائی جھڑپوں کے تناظر میں کیا گیا تھا، جس کے باعث نہ صرف بھارت بلکہ دیگر کئی بین الاقوامی ایئر لائنز نے بھی پاکستان کی فضائی حدود کا استعمال عارضی طور پر ترک کر دیا تھا۔

تاہم، حالات میں بہتری کے بعد بیشتر غیر ملکی ایئر لائنز نے مرحلہ وار پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنا دوبارہ شروع کر دیا تھا، مگر ائیر فرانس وہ واحد بڑی یورپی ایئر لائن تھی جو تاحال پاکستانی فضائی راستہ استعمال نہیں کر رہی تھی۔

اب ائیر فرانس نے بھی اپنی پروازوں کے لیے پاکستان کی فضائی حدود سے اوور فلائنگ کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ائیر لائن کی پیرس دہلی، ممبئی پیرس، بینکاک، سنگاپور، منیلا اور ہوچی منہہ جانے والی پروازیں اب پاکستان کی فضائی حدود سے گزر کر اپنی منزل تک پہنچ رہی ہیں۔ اس فیصلے سے ائیر فرانس کو طویل راستوں، اضافی ایندھن کے استعمال اور پروازوں کی طوالت سے نجات ملے گی۔

India attack on pakistan
امریکی صدر ٹرمپ کی مداخلت کے بعد پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی میں کمی آئی ۔ (فوٹو: گوگل)

ذرائع کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے کے سبب ائیر فرانس کو کئی ہفتوں تک متبادل طویل راستے اختیار کرنے پڑے، جس سے پروازوں کے اوقات میں اضافہ اور اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا تھا۔ فضائی کمپنی کو مجبوراً جنوبی ایشیا کی پروازوں کے لیے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے طویل راستے اختیار کرنا پڑے، جو وقت اور لاگت دونوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوئے۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ ائیر فرانس کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کا دوبارہ استعمال ملکی ایوی ایشن سیکٹر کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے، جس سے نہ صرف فضائی آمدنی میں اضافہ ہوگا بلکہ بین الاقوامی اعتماد کی بحالی میں بھی مدد ملے گی۔

ماہرین کے مطابق فضائی راستوں کی بحالی بین الاقوامی سفارتی تعلقات میں بہتری اور علاقائی استحکام کی بھی علامت ہے۔ ائیر فرانس کے اس اقدام کو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی فضائی حدود کی بحالی کی منظوری کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔

ایوی ایشن تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستانی ایئر اسپیس ایک اہم جغرافیائی گزرگاہ ہے، جو یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی و جنوب مشرقی ایشیا کے درمیان مختصر ترین ہوائی راستہ فراہم کرتی ہے، اور اس کا فعال ہونا نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر ایئر لائنز کے لیے سودمند ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس