پاکستان میں گرمی کی شدت میں روز بروز اضافہ ہونے لگا، پارہ انتہاؤں کو چھونے لگا، محمکمہ موسمیات نے دو دن کے لیے سخت وارننگ جاری کردی ۔
محکمہ موسمیات نے بدھ اور جمعرات کے لیے شدید گرمی کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ جاری کردہ الرٹ کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، اپر و سینٹرل سندھ، خیبرپختونخوا کے میدانی علاقے، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دن کے وقت درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، خاص طور پر دوپہر 11 بجے سے شام 4 بجے کے درمیان سورج کی تپش انتہائی خطرناک ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’فلسطینیوں کے خلاف تشدد‘، برطانیہ سمیت چار ممالک نے اسرائیلی وزرا پر پابندی لگا دی
محکمہ موسمیات نے عوام، خاص طور پر بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو سخت احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دھوپ میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور زیادہ سے زیادہ وقت گھروں کے اندر گزاریں۔ ساتھ ہی یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ خود کو ہائیڈریٹ رکھیں یعنی پانی اور دیگر مشروبات کا استعمال زیادہ کریں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔
محکمہ موسمیات اسلام آباد نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ یہ شدید گرمی کی لہر انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے، لہٰذا احتیاطی تدابیر اختیار کر کے خود کو اور اپنے پیاروں کو محفوظ رکھیں۔
پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ 13 جون تک درجہ حرارت میں سات ڈگری مزید اضافے کا امکان ہے, بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہونے کا امکان ہے، لاہور سمیت پنجاب میں شدید گرمی کی لہر 13 جون تک برقرار رہے گی۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
بھکر اور ڈیرہ اسماعیل خان میں پارہ 50 ڈگری کو چھو گیا ہے جبکہ بنوں، سرگودھا، نور پور تھل اور سبی میں 49 ڈگری ہے، ڈی جی خان، گوجرانوالہ، حافظ آباد جیکب آباد، منڈی بہاؤالدین میں 48 ڈگری جبکہ لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور دادو میں 47 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔