ہوم آف کرکٹ یعنی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میچ کا پہلا دن بلے بازوں کے لیے ڈراؤنا خواب بن گیا، گیند بازوں نے پہلے ہی دن 16 وکٹیں اڑا دیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ کی شاندار باؤلنگ کے باعث جنوبی افریقن ٹیم پہلی اننگز میں صرف 22 اوورز میں 43 رنز پر اپنی چار وکٹیں گنوا بیٹھی۔ اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی ہی اننگز میں 212 رنز پر آل آؤٹ ہوئی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کپتان ٹیمبا باوما 3 اور ڈیوڈ بیڈنگھم 8 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ دونوں بلے باز دوسرے دن اننگز دوبارہ شروع کریں گے۔ جنوبی افریقہ کو آسٹریلیا پر برتری حاصل کرنے کے لیے اب بھی مزید 169 رنز درکار ہیں۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے بائیں ہاتھ کے اوپنر ریان رکیلٹن 16 رنز کے ساتھ وہ واحد کھلاڑی تھے جو ڈبل فیگرز میں داخل ہو سکے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی پروٹیز بلے باز اب تک ڈبل فیگر میں نہیں پہنچ سکا۔ اوپنر بلے باز ایڈم مارکرم بغیر کوئی رنز بنائے سٹارک کا شکار بنے جبکہ ویان ملڈر 6 اور ٹرسٹن سٹبز 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
قبل ازیں، تیسرے سیشن کے آغاز پر آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 190/5 سے دوبارہ شروع کی اور محض 22 رنز کے اضافے کے بعد پوری ٹیم 56.4 اوورز میں 212 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
ربادا نے ہی بیو ویبسٹر کو پہلی سلپ میں کیچ آؤٹ کروا کر آسٹریلیا کو 210/8 تک پہنچا دیا۔ ویبسٹر نے 92 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 72 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ مارکو جانسن نے ناتھن لیون کو بولڈ کر کے آسٹریلیا کو آخری وکٹ سے محروم کیا، جبکہ ربادا نے ایک بار پھر گیند بازی میں مہارت دکھاتے ہوئے آخری وکٹ بھی اپنے نام کی۔

دوسرے سیشن کے اختتام تک مقابلہ برابر دکھائی دے رہا تھا، تاہم صورتحال اُس وقت تبدیل ہوئی جب ایلکس کیری 23 رنز بنا کر کیشو مہاراج کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ اگلے اوور میں پیٹ کمنز صرف ایک رن بنا کر ربادا کا شکار بنے۔
یہ بھی پڑھیں:بگ بیش: ڈرافٹس میں پاکستانی کرکٹرزبھی شامل
جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو ربادا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15.4 اوورز میں 51 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ جانسن نے تین، جبکہ مارکرم اور مہاراج نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا نے اسمتھ اور بیو ویبسٹر کے ذریعے پہلی اننگز کو 4/67 سے آگے بڑھایا، جنہوں نے 79 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ اسمتھ 112 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنا کر مارکرم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
مزید پڑھیں:آئی سی سی ہال آف فیم میں دھونی، ہیڈن، ٹیلر، اور ثنا میر شامل، سات نئے کھلاڑیوں کو اعزاز سے نوازا گیا
ویبسٹر نے بعد ازاں کیری کے ساتھ مل کر 45 رنز کی شراکت قائم کی۔ کیری نے 31 گیندوں پر 23 رنز بنائے۔ ٹی بریک تک ویبسٹر 55 اور کیری 22 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو ربادا نے پانچ، مارکو ینسن نے تین جبکہ کیشو مہاراج اور ایڈم مارکرم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔