Follw Us on:

پاکستان شدید گرمی کی لپیٹ میں، درجہ حرارت 49 ڈگری سے تجاوز کر گیا

عاصم ارشاد
عاصم ارشاد
Severe heatwave grips pakistan as temperatures soar

پاکستان بھر میں شدید گرمی کی لہر نے زندگی کے معمولات کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر چکا ہے جبکہ بھکر اور جیکب آباد میں پارہ 49 ڈگری کو چھو گیا ہے، جو اس سیزن کا خطرناک ترین درجہ حرارت تصور کیا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو سے تین روز تک موسم میں کسی نمایاں بہتری کا امکان نہیں۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں شدید گرمی اور خشک موسم برقرار رہے گا، تاہم شام کے وقت بعض پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش یا آندھی کا امکان موجود ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے عوام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال غیر معمولی ہے۔ ڈی جی عرفان علی کٹھیا کے مطابق، “یہ ایک خطرناک صورتحال ہے، ہماری اولین ترجیح ان افراد کی حفاظت ہے جو ہیٹ اسٹروک یا دیگر گرمی سے متعلق مسائل کا زیادہ شکار ہو سکتے ہیں۔”

پنجاب کے کئی اضلاع میں دوپہر کے اوقات میں بازار سنسان ہو گئے ہیں جبکہ شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ بھکر، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور سمیت متعدد شہروں میں درجہ حرارت 46 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

Heat wave ii

ادھر سندھ کے گرم ترین علاقوں جیکب آباد اور موئن جو دڑو میں بالترتیب 49 اور 48 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کراچی میں اگرچہ درجہ حرارت 40 ڈگری رہا، تاہم نمی کی بلند شرح کے باعث موسم نہایت گھٹن زدہ محسوس ہوا۔

خیبرپختونخوا اور بلوچستان بھی اس شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، سبی اور تربت میں پارہ 45 سے 47 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ گرمی کے باعث ہسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ خاص طور پر مزدور، بزرگ اور بچے اس کیفیت سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

لاہور سمیت کئی شہروں میں سرکاری ہسپتالوں نے خصوصی کاؤنٹر قائم کر دیے ہیں تاکہ گرمی سے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

پنجاب حکومت نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ مختلف مقامات پر پینے کے ٹھنڈے پانی، چھتریوں اور کولر کا بندوبست کیا جا رہا ہے جبکہ چولستان جیسے دور دراز علاقوں میں پانی کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ قلت سے بچا جا سکے۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، بالخصوص دن 11 بجے سے سہ پہر 4 بجے کے درمیان۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ہلکے اور ڈھیلے سوتی کپڑے پہنیں، زیادہ سے زیادہ پانی پئیں، براہِ راست دھوپ سے بچیں، اور ہیٹ اسٹروک کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر طبی امداد حاصل کریں یا (پی ڈی ایم اے) کی ہیلپ لائن (1129) پر رابطہ کریں۔

Author

عاصم ارشاد

عاصم ارشاد

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس