Follw Us on:

اسرائیل کا ایران پر حملہ، پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا کتنا امکان؟

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Petrol prices
پیر کے روز کمیٹی کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ (ڈان نیوز)

ایران پر اسرائیل کے حالیہ حملے کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر پاکستان حکومت نے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے فیصلے کیے جائیں گے۔

یہ کمیٹی وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔ اس میں اہم وفاقی وزارتوں، ریگولیٹری اداروں اور توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین شامل ہیں۔

کمیٹی کا مقصد ملک میں توانائی کی صورتحال پر گہری نظر رکھنا اور کسی بھی ممکنہ بحران سے بچاؤ کے لیے فوری اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’ہم ایرانی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں‘، حماس کا ایران کی حمایت کا اعلان

پیر کے روز کمیٹی کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں عالمی اور مقامی سطح پر پیٹرولیم مارکیٹ کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ فی الوقت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور کسی فوری قلت کا خطرہ نہیں ہے۔

Petrol
یہ کمیٹی وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔ (فوٹو: ایکسپریس)

تاہم بدلتے ہوئے علاقائی حالات کے پیش نظر کمیٹی نے صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایک ورکنگ گروپ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ کا جائزہ لے گا، جبکہ مکمل کمیٹی ہر ہفتے اجلاس کر کے وزیراعظم کو سفارشات پیش کرے گی۔

کمیٹی کو چار اہم نکات پر کام سونپا گیا ہے، جن میں عالمی سطح پر پیٹرولیم کی قیمتوں پر نظر رکھنا، ان کے زرِ مبادلہ پر اثرات کا جائزہ لینا، ممکنہ سپلائی بحران سے بچاؤ کی پیشگی حکمتِ عملی تیار کرنا، اور طویل کشیدگی کی صورت میں مالی اثرات کا تجزیہ شامل ہے۔

وزارتِ خزانہ کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ حکومت توانائی کے تحفظ، مارکیٹ میں استحکام اور قومی مفاد کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس