وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ مالی سال 2025 کا بجٹ صوبے میں ترقی، تعلیم اور عوامی خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔حکومت پنجاب نے صرف وعدے نہیں کیے بلکہ عملی اقدامات سے ثابت کیا ہے کہ تعلیم ان کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ہم نے ایسا تعلیمی بجٹ پیش کیا ہے، جو ہر طالبعلم کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تعلیم کا شعبہ کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتا ہے اور پنجاب حکومت نے اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ کی ترجیحات کا تعین کیا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ تعلیمی ترقیاتی بجٹ میں 200 فیصد سے زائد اضافہ ہمارے پختہ عزم کی مظہر ہے۔ یہ محض الفاظ نہیں، بلکہ ہر ہندسہ ایک مقصد کی ترجمانی کر رہا ہے۔ ہم تعلیم میں کھوکھلے دعوؤں کے بجائے زمینی سطح پر بہتری کے اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔
رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ پنجاب کا بجٹ منصفانہ وسائل کی تقسیم، اخراجات کی درست سمت اور معاشرے کے ہر طبقے کی بہتری کے لیے ایک عملی خاکہ ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں تاریخی اضافے پر میں محترمہ وزیر اعلیٰ کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ اُن کی قیادت میں پنجاب ترقی کے سفر میں ایک نئے عزم اور وژن کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر تعلیم کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب پنجاب اسمبلی میں بجٹ 2025 پیش کیا جا چکا ہے، جس میں تعلیم کے لیے سب سے زیادہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ ماہرین تعلیم نے بھی اس بجٹ کو خوش آئند اور انقلابی قرار دیا ہے۔