یہ کہانی ہے ایک میدان کی، جو دہائیوں سے کرکٹ کے تاریخی لمحات کا گواہ رہا اور اب ایک نئی روح، نئے عزم اور شاندار انداز میں دنیا کے سامنے آنے کو تیار ہے۔ لاہور کا قذافی اسٹیڈیم، جہاں خواب سجتے ہیں اور تاریخ رقم ہوتی ہے، اب عالمی کرکٹ کے جدید ترین میدانوں کی صف میں شامل ہونے جا رہا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے لیے اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کو صرف پانچ ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جا رہا ہے۔ نئے فلڈ لائٹس ٹاورز، روشن بلبوں کے ساتھ جگمگانے کو تیار ہیں، اسٹینڈز میں جدید کرسیوں کی تنصیب آخری مراحل میں ہے، اور ڈیجیٹل اسکرینز کھیل کے ہر لمحے کو مزید دلکش انداز میں پیش کریں گی۔
چیمپئنز ٹرافی سے قبل قذافی اسٹیڈیم سہ فریقی سیریز کے میچوں کی میزبانی کرے گا، جس میں پاکستان، نیوزی لینڈ، اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
اور پھر وہ لمحہ! 22 فروری کو کرکٹ کی دنیا کے دو روایتی حریف، انگلینڈ اور آسٹریلیا، قذافی اسٹیڈیم کے اس نئے انداز میں چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ کھیلیں گے۔ یہ دن شائقین کے لیے یادگار ہوگا، جہاں ہر لمحہ ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔
قذافی اسٹیڈیم کی یہ تبدیلی محض تعمیراتی نہیں، یہ پاکستان کے عزم، ہنر اور کرکٹ کے مستقبل کا روشن استعارہ ہے۔ ایک ایسا میدان، جو شائقین کے لیے خوابوں کا گھر اور کرکٹ کے لیے تاریخ ساز سرزمین ہوگا۔