Follw Us on:

امریکی صدر اور فیلڈ مارشل کی ’لنچ ملاقات‘ میں کیا گفتگو ہوئی؟ حکومتی ذرائع نے تفصیلات جاری کر دیں

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Asim trump
وزیر داخلہ محسن نقوی بھی وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران موجود تھے۔ (فوٹو: جی ٹی وی)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اہم ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی، معاشی تعاون، انسداد دہشت گردی اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق یہ ملاقات پہلے سے طے شدہ ایک گھنٹے کی تھی مگر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کے باعث یہ دو گھنٹے تک جاری رہی۔

ملاقات میں امریکی وفد کی جانب سے صدر ٹرمپ کے ہمراہ سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو، مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی نمائندہ سٹیو ویٹکوف بھی موجود تھے، جب کہ پاکستانی وفد میں نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر جنرل عاصم ملک اور وزیر داخلہ محسن نقوی شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کا ایران پر حملہ اور جنگ، پاکستان کیا ساتھ دے سکتا ہے؟

ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی میں امریکا کے تعمیری کردار پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اقوامِ عالم کو درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

Trump
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں امریکا اور پاکستان کے درمیان معاشی اور تجارتی تعلقات بڑھانے پر بھی اتفاق رائے پایا گیا۔ (فوٹو: رائٹرز)

صدر ٹرمپ نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی میں جاری تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں امریکا اور پاکستان کے درمیان معاشی اور تجارتی تعلقات بڑھانے پر بھی اتفاق رائے پایا گیا۔ خاص طور پر مائننگ، منرلز، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، انرجی سیکٹر، کرپٹو کرنسی اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی سفارتی ترجیحات واضح کیں جبکہ صدر ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ میں پاکستان کے متوازن مؤقف کو سراہا۔

صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور فیصلہ کن حکمت عملی کو سراہا اور باہمی اعتماد کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے صدر ٹرمپ کو حکومت پاکستان کی جانب سے دورہ پاکستان کی باضابطہ دعوت بھی دی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور اسے دونوں ممالک کے درمیان نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی بھی وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران موجود تھے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس