ایرانی انسانی حقوق کی کارکنان اور نوبل امن انعام یافتہ شخصیات، نرگس محمدی اور شیرین عبادی نے اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کو فوری طور پر ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔
نوبل ویمنز انیشی ایٹو کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ جنگ بند کریں اور تباہی کے بجائے مکالمے کو ترجیح دیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ جنگ، جو عالمی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیل نے شروع کی، پہلے ہی بے پناہ انسانی تکالیف کا باعث بن رہی ہے اور اس کے نتیجے میں خطے اور دنیا بھر میں ایک وسیع تر تنازع بھڑکنے کا خدشہ ہے۔ عام شہری، جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں، ہلاک ہو رہے ہیں۔
بیان کے مطابق شیرین عبادی نے سول سوسائٹی کے دیگر کارکنان کے ساتھ مل کر مطالبہ کیا ہے کہ یورینیم کی افزودگی کو فوری طور پر روکا جائے، ایران اور اسرائیل دونوں میں بنیادی ڈھانچے پر حملے بند کیے جائیں اور انسانی حقوق کا مکمل احترام کیا جائے ۔
یہ بھی پڑھیں:‘سرزمین امریکی حملے میں استعمال ہوئی تو نشانہ بنایا جائے گا’: ایران کی خلیج ممالک کو تنبیہ
شیرین عبادی، جنہیں 2003 میں جمہوریت اور خواتین، بچوں اور پناہ گزینوں کے حقوق کے لیے جدوجہد پر نوبل انعام سے نوازا گیا تھا، اس وقت برطانیہ میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں۔
نرگس محمدی کو 2023 میں ایران میں خواتین کے حقوق اور سزائے موت کے خلاف جدوجہد پر نوبل انعام دیا گیا۔ وہ اس وقت تہران کی ایوین جیل میں طویل قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔