Follw Us on:

پاکستان میں پولیو کا نیا کیس رپورٹ، تعداد 12 ہوگئی

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Polio case
شمس خیل یونین کونسل سے تعلق رکھنے والے 33 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ (فوٹو: فائل)

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیو وائرس کا نیا کیس سامنے آ گیا ہے، جس کے بعد رواں سال پاکستان میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 12 ہو گئی ہے۔

یہ اطلاع جمعہ کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اسلام آباد کے ریجنل ریفرنس لیبارٹری برائے پولیو ایریڈیکیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں دی گئی۔

پریس ریلیز کے مطابق شمس خیل یونین کونسل سے تعلق رکھنے والے 33 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جو خیبر پختونخوا سے رواں سال رپورٹ ہونے والا چھٹا کیس ہے۔

2025 میں اب تک رپورٹ ہونے والے 12 پولیو کیسز میں سے چھ خیبر پختونخوا، چار سندھ، جب کہ پنجاب اور گلگت بلتستان سے ایک ایک کیس شامل ہے۔

ریجنل لیبارٹری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں پولیو کی صورتحال تشویشناک ہے، جہاں سیکیورٹی خدشات، محدود رسائی اور گھر گھر ویکسینیشن میں مشکلات کے باعث ہزاروں بچے پولیو سے بچاؤ کی ویکسین سے محروم رہ جاتے ہیں۔

Polio case
پانچ سال سے کم عمر بچوں کو بار بار پولیو ویکسین دینا ضروری ہے۔ (فوٹو: فائل)

بیان میں والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہر انسداد پولیو مہم میں اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔ ہر خوراک بچوں کی قوت مدافعت کو مضبوط کرتی ہے اور عمر بھر کی حفاظت فراہم کرتی ہے۔ وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے عوامی شمولیت اور تعاون ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے جمعرات کو کہا تھا کہ پاکستان میں پولیو کیسز میں 99 فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی ہے اور پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

یاد رہے کہ پولیو ایک مہلک بیماری ہے، جس کا کوئی علاج نہیں، صرف احتیاطی تدابیر اور ویکسینیشن ہی بچوں کو اس مرض سے محفوظ رکھ سکتی ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو بار بار پولیو ویکسین دینا ضروری ہے تاکہ وہ مکمل طور پر محفوظ ہو سکیں۔

پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان پولیو پروگرام نے رواں سال کی تیسری قومی مہم کا آغاز گزشتہ ماہ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر اسلام آباد سے کیا تھا۔ اس مہم کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو، عائشہ رضا فاروق نے کیا تھا، جس میں پولیو پروگرام کی کور ٹیم اور شراکت دار اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

Author

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس