جماعت اسلامی کے زیر اہتمام جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں جاری یوتھ ڈیجیٹل سمٹ میں 12 ہزار سے زائد نوجوان مرد و خواتین نے شرکت کی ہے۔ اس سمٹ کا بنیادی مقصد پاکستان کے بیانیے کو آگے بڑھانا اور نوجوانوں کو مثبت اور ذمہ دارانہ سوشل میڈیا کے استعمال کی طرف راغب کرنا ہے۔
سمٹ کے دوران نوجوانوں کو مایوسی سے نکال کر ان کو ملک کے مفاد میں کام کرنے اور قومی یکجہتی کے لیے متحرک کرنے پر زور دیا جا رہا ہے اورعالمی سطح پر نوجوانوں کی آواز بلند کرنے اور موجودہ دور میں میڈیا کے کردار کے حوالے سے مختلف سوشل میڈیا انفلوانسرز نے بھی سمٹ میں شرکت کی ہے۔
اس سمٹ میں پاکستان میٹرز، الخدمت فاؤنڈیشن اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے اپنی نمائندگی کے لیے ڈیسک قائم کیے ہوئے ہیں۔
اس موقع پر یہ بات قابل ذکر ہے کہ سمٹ میں شریک نوجوانوں میں 50 فیصد سے زائد خواتین شامل ہیں، جس سے نوجوان خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت کا پتہ چلتا ہے۔
جماعت اسلامی کی کوشش ہے کہ یہ یوتھ ڈیجیٹل سمٹ ہر سال منظم کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو مستقل بنیادوں پر ملکی ترقی اور بیانیے کے فروغ میں شامل کیا جا سکے۔