سعودی شوریٰ کونسل میں قائم سعودی-پاک فرینڈشپ گروپ کے تین رکنی وفد نے آج اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت گروپ کے سربراہ میجر جنرل (ر) ڈاکٹر عبدالرحمن بن سنہت الحربی نے کی۔
ملاقات میں پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف اور اراکین قومی اسمبلی مجاہد علی، سید حفیظ الدین، شاہدہ بیگم اور شگفتہ جمانی بھی شریک تھے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے سعودی وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات احترام، محبت اور عقیدت پر مبنی ہیں۔ اُنہوں نے حج کے موقع پر سعودی حکومت کی جانب سے بہترین انتظامات پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑا رہا ہے، یہ دوستی قابلِ فخر ہے۔
سعودی شوریٰ کونسل میں قائم سعودی-پاک فرینڈ شپ کمیٹی کے تین رکنی وفد کی پاکستان آمد۔
— National Assembly 🇵🇰 (@NAofPakistan) June 22, 2025
سعودی شوریٰ کا وفد اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔
سعودی وفد کی قیادت سعودی-پاکستان فرینڈ شپ کمیٹی کے سربراہ میجر جنرل (ر) ڈاکٹر عبدالرحمن بن سنہت… pic.twitter.com/8CKJkgv0Ct
ٓملاقات کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی نے دنیا بھر میں جاری کشیدہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے، پاکستان ہمیشہ مذاکرات اور امن کا داعی رہا ہے۔
اُنہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
دونوں اطراف سے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اسپیکر نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
ڈاکٹر عبدالرحمن الحربی نے پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ “دونوں اقوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔”
ملاقات میں مسلم امہ کے اتحاد، خطے میں امن و ترقی، اور دوطرفہ پارلیمانی تعاون کے فروغ پر مفصل گفتگو ہوئی۔ سعودی وفد نے پاکستان میں اپنی میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور اسپیکر کی کاوشوں کو سراہا۔