بلوچستان اسمبلی کے رکن اور جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا ہدایت الرحمٰن کا کمسن بیٹا کراچی میں لاپتہ ہو گیا ہے۔
مولانا ہدایت الرحمٰن کے قریبی افراد کے مطابق کراچی میں زیر تعلیم عبد الباسط چھٹی کے بعد ماموں کے گھر کے لیے روانہ ہوئے لیکن کئی گھنٹے گزرنے کے بعد گھر پہنچے ہیں نہ تعلیمی ادارے میں کوئی اطلاع ہے۔

مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں بیٹے کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بچے کی تلاش میں تعاون کی درخواست کی ہے۔
جامعہ حنیفیہ کے ناظم تعلیمات مولانا طاہر عباسی بٹ کی جانب سے ایس ایچ او سعود آباد ملیر کو درخواست لکھی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ادارے کے ایک طالب علم عبدالباسط ولد ہدایت الرحمان آج سوا پانچ بجے سے سعود آباد ملیر سے لاپتہ ہیں۔
ادارے کی ایس ایچ او سعود آباد سے درخواست ہے کہ رپورٹ درج کرکے ان کی تلاش میں ہماری مدد کی جائے۔

مدرسے کی انتظامیہ نے پاکستان میٹرز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جامعہ حنفیہ شعبہ حفظ کے طالب علم عبد الباسط شام 5 بجے سے لاپتہ ہے، علاقے میں بھی اس کی تلاش کی گئی ہے جب کہ متعلقہ تھانے میں گمشدگی کی درخواست کے بعد پولیس نے طالب علم کی تلاش شروع کردی ہے۔
دوسری جانب وزیرِاعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔ انہوں نے مولانا کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان متاثرہ خاندان کے ساتھ ہر قدم پر کھڑی ہے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی رابطہ کیا اور مولانا ہدایت الرحمان کے بیٹے کی گمشدگی کے معاملے پر تفصیلی بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے بچے کی بحفاظت بازیابی کے لیے فوری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کراچی پولیس اور متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائیں گی تاکہ بچے کو جلد از جلد بازیاب کرایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمان کے فرزند کی گمشدگی پر ہمیں گہری تشویش ہے، سندھ حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ بچہ جلد بازیاب ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے اور حکومت بلوچستان اس میں ذاتی دلچسپی لے رہی ہے تاکہ متاثرہ خاندان کو جلد از جلد خوشخبری دی جا سکے۔