اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ منگل کے روز جنوبی غزہ کی پٹی میں ہونے والی لڑائی میں ان کے سات اہلکار ہلاک ہو گئے، جن میں ایک افسر اور چھ فوجی شامل تھے۔
بدھ کو جاری کردہ بیان کے مطابق میں جنوبی غزہ میں ہی پیش آنے والے ایک الگ واقعے ایک اور فوجی شدید زخمی ہوا۔
اسرائیلی میڈیا نے بتایا ہے کہ یہ ساتوں اہلکار خان یونس شہر میں موجود تھے جب ان کی گاڑی میں نصب دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگ گئی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
یاد رہے غزہ میں جاری جنگ کا آغاز 7 اکتوبر 2023 کو ہوا، جب حماس کے زیرقیادت عسکریت پسندوں نے اسرائیل پر ایک بڑا حملہ کیا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق اس حملے میں 1,200 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 251 کو یرغمال بنا لیا گیا۔

جوابی کارروائی میں اسرائیل نے غزہ پر فضائی اور زمینی حملے شروع کیے، جن میں اب تک حماس کے زیرانتظام وزارتِ صحت کے مطابق 56,000 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً 20 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ غزہ میں شدید غذائی بحران بھی پیدا ہو چکا ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق، صرف جون کے آغاز سے اب تک جنوبی غزہ میں ہونے والی جھڑپوں میں ان کے 19 فوجی مارے جا چکے ہیں۔ جنگ کے جاری رہنے سے صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے، اور دونوں طرف جانی نقصان میں اضافہ ہو رہا ہے۔