راک اسٹار گیمز کی مشہور ویڈیو گیم گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 (جی ٹی اے 6) کی ریلیز کی تاریخ جیسے جیسے قریب آ رہی ہے، مداحوں کا جوش بڑھتا جا رہا ہے۔ حال ہی میں یہ گیم ایکس باکس اسٹور پر وش لسٹ کے طور پر دستیاب ہے، جس پر شائقین نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
گیم کی ریلیز 26 مئی 2026 کو پلے اسٹیشن 5 اور ایکس باکس سیریز ایکس/ ایس پر متوقع ہے۔ ابھی تک گیم کی قیمت یا پیشگی خریداری کا اعلان نہیں کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق قیمت 80 سے 100 امریکی ڈالر کے درمیان ہو سکتی ہے، تاہم اس کی تصدیق راک اسٹار گیمز کی جانب سے نہیں کی گئی۔

مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر زبردست ردعمل سامنے آیا۔ ایک صارف نے کہا کہ ایکس باکس کو آخرکار کچھ تو ملا۔ کچھ صارفین نے پلیٹ فارم کی برتری پر بحث چھیڑ دی جبکہ دیگر نے گیم کو اسٹیم پر جاری کرنے کی درخواست کی۔
اس دوران، بعض مداح نیکو بیلک جیسے پرانے کرداروں کی واپسی پر بھی قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔ نیکو، جو جی ٹی اے 4 کا مرکزی کردار تھا، آخری بار 2009 کے دی بیلڈ آف گے ٹونی میں نظر آیا تھا۔ ریڈٹ پر ایک صارف نے سوال کیا کہ ،کیا نیکو اور اس کا کزن رومن وائس سٹی میں چھٹیاں گزارنے گئے تھے؟ کیا وہ جی ٹی اے 6 میں واپس آئیں گے؟”
ایک اور صارف نے نشاندہی کی کہ جی ٹی اے 5 میں نیکو کا ذکر ایک کردار لیسٹر نے کیا تھا، جب اُس نے کہا، “نہیں، وہ تو چپ ہو گیا ہے۔” اس کا مطلب ہے کہ نیکو شاید جرائم کی دنیا سے الگ ہو چکا ہے۔

دوسری طرف گیم کی کہانی کے حوالے سے بھی نئی معلومات سامنے آئی ہیں۔ ایک غیر مصدقہ رپورٹ کے مطابق، راک اسٹار کے بانی ڈین ہاؤزر نے جی ٹی اے 6 کے لیے تین مختلف کہانیاں پیش کی تھیں۔
جنہیں کمپنی نے مختلف وجوہات کی بنا پر مسترد کیا۔ ان میں ایک کہانی میں پولیس افسر، اس کا بیٹا اور منشیات فروش کا دست راست شامل تھا، جسے زیادہ سنجیدہ قرار دے کر ختم کر دیا گیا۔
آخری منظوری پانے والی کہانی میں دو مرکزی کردار جیسن (ایک سابق فوجی) اور لوسیا (ایک خاتون جو جیل سے رہا ہوئی ہے) شامل ہیں۔ یہ کہانی بونی اینڈ کلائیڈ طرز کی شراکت داری پر مبنی ہے۔
اس کے علاوہ کچھ مداحوں نے خبردار کیا ہے کہ گیم سے متعلق غیر مصدقہ لیکس پر یقین نہ کیا جائے۔ ایک صارف نے کہا، راک اسٹار پر بھروسہ کریں اور لیکس کو نظر انداز کریں۔
جی ٹی اے 6 کے بارے میں دلچسپی برقرار ہے، اور مداح اب تیسرے ٹریلر کے منتظر ہیں، جو ممکنہ طور پر ریلیز سے کچھ عرصہ قبل سامنے آئے گا۔