معروف عالمی مالیاتی ادارے بلوم برگ نے پاکستان کو عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی معیشتوں میں سرفہرست قرار دے دیا ہے۔
بلوم برگ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے ڈیفالٹ رسک میں گزشتہ 12 ماہ کے دوران نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جو ملک کی معیشت میں بہتری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔
بلوم برگ کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا امکان 59 فیصد سے کم ہو کر 47 فیصد رہ گیا ہے، جو کہ 1,100 بیسس پوائنٹس (11 فیصد) کی تاریخی کمی ہے، یہ کمی دنیا بھر میں ابھرتی معیشتوں میں سب سے نمایاں ہے۔ یہ کمی معیشت کے استحکام کی جانب ایک مثبت پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں خودمختار ڈیفالٹ رسک میں 1,100 بیسس پوائنٹس کی کمی ہوئی، اس کے برعکس ترکی، ایکواڈور، مصر اور گیبون میں ڈیفالٹ رسک میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔بلوم برگ کے مطابق پاکستان کی اس غیر معمولی کارکردگی کے پیچھے کئی عوامل کارفرما ہیں۔
آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب مذاکرات اور بروقت قرض ادائیگیاں کی گئیں۔ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں (ایس اینڈ پی، فِچ وغیرہ) کی جانب سے بہتر کردہ کریڈٹ آٹ لک جاری کی گئی، یہ پیش رفت عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک واضح پیغام ہے۔
وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک اور دیگر معاشی اداروں کی مربوط پالیسیوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا اعتماد بحال کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیفالٹ رسک میں یہ کمی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور حکومت کی مالیاتی پالیسیوں پر اعتماد کی غمازی کرتی ہے، جو ملکی معیشت کو درست سمت میں لے جانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔