Follw Us on:

’کانٹا لگا‘ گرل شیفالی جریوالا 42 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں، آخر وہ کون تھیں؟

مادھو لعل
مادھو لعل
Shefali jarriwala
شیفالی کو رات 11 بجے کے قریب ان کے شوہر پراگ تیاگی اور چند قریبی افراد نے اسپتال منتقل کیا۔ (فوٹو: فائل)

2002 میں ’کانٹا لگا‘ کے ری مکس گانے نے ایک انجینئرنگ کی طالبہ کو راتوں رات انڈیا کی پاپ کلچر آئیکون میں بدل دیا تھا، وہ لڑکی اب خاموشی سے ہمیشہ کے لیے رخصت ہو گئی ہے۔

گزشتہ رات 27 جون کو معروف ماڈل، اداکارہ اور ’کانٹا لگا گرل‘ کے نام سے مشہور شیفالی جریوالا 42 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے وفات پا گئیں۔ انہیں ممبئی کے اندھیری علاقے میں واقع بیلیوو ملٹی اسپیشلٹی اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

ان کے انتقال کی خبر سن کر سوشل میڈیا پر ان کے مداح، شوبز شخصیات اور سابق ساتھی شدید رنجیدہ ہیں۔ شیفالی کی شوخ، بااعتماد شخصیت اور بولڈ ڈانس مووز نے انھیں ایک مکمل رجحان ساز شخصیت میں ڈھالا تھا۔

سوشم میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر صحافی وکی لالوانی نے تصدیق کی کہ شیفالی کو رات 11 بجے کے قریب ان کے شوہر پراگ تیاگی اور چند قریبی افراد نے اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے تصدیق کی کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی، تاہم حتمی وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔

Shefali jarriwala ii
’کانٹا لگا‘ کے ری مکس گانے نے ایک انجینئرنگ کی طالبہ کو راتوں رات انڈیا کی پاپ کلچر آئیکون میں بدل دیا تھا۔ (فوٹو: فائل)

2002 کا مشہور گانا ’کانٹا لگا‘، جسے اصل میں 1972 کی فلم ’سمادھی‘ میں لتا منگیشکر نے گایا تھا کو ڈی جے ڈال نے ری مکس کیا اور اس میں شیفالی جریوالا کی جھلک نے پورے ملک کو چونکا دیا۔ بولڈ ڈانس، بازو پر نمایاں ٹیٹو، ڈسکو کی روشنیوں میں ان کا اعتماد اور کیمرے سے براہِ راست آنکھ ملاتی نظروں نے اُنہیں ناقابلِ فراموش بنا دیا۔

یہ وہ وقت تھا جب میوزک ویڈیوز کو ری برانڈ کیا جا رہا تھا اور ری مکس کلچر جنم لے رہا تھا۔ شیفالی کا انداز اتنا منفرد تھا کہ ’کانٹا لگا‘ نہ صرف سپر ہٹ ہوا بلکہ یہ ویڈیو ری مکس گانوں کے ایک نئے دور کا آغاز بن گئی۔

شائقین نے انہیں کانٹا لگا گرل کے نام سے پکارنا شروع کردیا، شیفالی جریوالا نے متعدد بار اس ٹیگ کو قبول کیا اور فخر سے کہا کہ وہ مرتے دم تک اسی نام سے جانی جانا پسند کریں گی۔ ایک وائرل کلپ میں وہ کہتی ہیں کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ میں اس ٹیگ سے تھک جاؤں، صرف ایک ہی کانٹا لگا گرل ہو سکتی ہے اور وہ میں ہوں۔

شیفالی 15 دسمبر 1982 کو ممبئی میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اور والدہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا میں ملازمہ تھیں۔ ’کانٹا لگا‘ کی مقبولیت کے بعد انہوں نے 2004 میں موسیقار ہرمیت سنگھ (میت برادرز) سے شادی کی، جو بعد میں 2009 میں طلاق پر منتج ہوئی۔

2015 میں شیفالی نے ٹی وی اداکار اور ’نچ بلیے‘ میں اپنے ساتھی پراگ تیاگی سے شادی کی۔

Shefali jarriwala iii
شیفالی 15 دسمبر 1982 کو ممبئی میں پیدا ہوئیں۔ (فوٹو: فائل)

شیفالی نے فلم ’مجھ سے شادی کروگی‘ (2004) میں بھی کام کیا، جہاں وہ اکشے کمار کے ساتھ اسکرین پر جلوہ گر ہوئیں۔ بعد ازاں انہیں ’نچ بلیے‘ سیزن 5 اور 7 میں اور پھر ’بگ باس‘ سیزن 13 میں بھی دیکھا گیا۔ حال ہی میں وہ 2023 کی ہارر سیریز ’شیطانی رسمیں‘ میں بھی نظر آئیں۔

شیفالی کے انتقال پر مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کے ساتھ ’بگ باس‘ کے شریکِ پروگرام سدھارتھ شکلا کو بھی یاد کیا، جو 2021 میں 40 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے تھے۔ لوگوں نے اس سیزن کو ’منحوس‘ قرار دیا جس میں اب دو اہم شخصیات وقت سے پہلے دنیا سے رخصت ہو چکی ہیں۔

Author

مادھو لعل

مادھو لعل

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس