مئی 2025 کے لیے بجلی 10 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمت بڑھانے کی درخواست دے دی ہے۔ نیپرا آج اس درخواست پر سماعت کرے گا۔
سی پی پی اے کے مطابق مئی میں 12.75 ارب یونٹ بجلی پیدا ہوئی جس کی فی یونٹ لاگت 7 روپے 49 پیسے رہی، جبکہ ریفرنس لاگت 7 روپے 39 پیسے تھی۔
رپورٹ کے مطابق 37.98 فیصد بجلی پانی، 11.08 فیصد مقامی کوئلے، 6.24 فیصد درآمدی کوئلے، 0.16 فیصد فرنس آئل، 6.92 فیصد مقامی گیس، 16.99 فیصد درآمدی ایل این جی اور 15.77 فیصد جوہری ایندھن سے پیدا کی گئی۔
قیمت میں اضافہ منظور ہونے کی صورت میں اس کا اطلاق آئندہ بجلی کے بلوں میں ہوگا۔

واضح رہے وفاقی حکومت بجلی کے بلوں میں شامل ماہانہ 35 روپے پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا فیصلہ کیس ہے، جس کا باضابطہ اعلان وزیراعظم شہباز شریف نے کیا ہے۔
یہ فیصلہ ملک بھر کے 4 کروڑ سے زائد گھریلو، کمرشل اور صنعتی بجلی صارفین کے لیے بڑی ریلیف کا باعث بنے گا۔
واضح رہے کہ برسوں سے یہ فیس ہر ماہ خاموشی سے بجلی کے بلوں کے ذریعے وصول کی جاتی رہی ہے، جس سے قومی خزانے کو ہر ماہ 1.5 ارب روپے اور سالانہ تقریباً 16 ارب روپے کی آمدن حاصل ہوتی تھی، جو براہ راست ریاستی نشریاتی ادارے پی ٹی وی کو منتقل ہوتی تھی۔
ایک سینیئر سرکاری افسر کے مطابق یہ اقدام عام شہری پر مالی دباؤ کم کرنے اور بجلی کے بلوں میں حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔