مشہور فلم سیریز فاسٹ اینڈ فیوریس کا آخری حصہ اپریل 2027 میں سینما گھروں کی زینت بنے گا۔ یہ اعلان مرکزی اداکار وِن ڈیزل نے کیلیفورنیا کے شہر پومونا میں ہونے والے آٹو ایونٹ فیول فیسٹ کے دوران کیاگیا۔
ڈیزل نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ انہوں نے یونیورسل پکچرز کی جانب سے دی گئی ریلیز کی تاریخ کو تین شرائط پر قبول کیا۔ ان کے مطابق، فلم کی کہانی ایک بار پھر لاس اینجلس واپس لائی جائے گی۔
سیریز کی شروعاتی اسٹریٹ ریسنگ تھیم کو دوبارہ اجاگر کیا جائے گا، اور سب سے اہم شرط یہ ہے کہ فلم میں پال واکر کے مشہور کردار، برائن اوکانر، کی واپسی ہوگی۔

یاد رہے کہ اداکار پال واکر 2013 میں ایک کار حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔ ان کا کردار سیریز کے ابتدائی حصوں میں مرکزی حیثیت رکھتا تھا۔ امکان ہے کہ نئے فلم میں ان کی واپسی کمپیوٹر گرافکس یا پہلے سے ریکارڈ شدہ فوٹیج کے ذریعے ممکن بنائی جائے گی، جیسا کہ 2015 میں ریلیز ہونے والی فیوریس 7 میں کیا گیا تھا۔
سیریز کی دسویں فلم فاسٹ ایکس مئی 2023 میں ریلیز ہوئی تھی، جس نے دنیا بھر میں 70 کروڑ ڈالر سے زائد کا بزنس کیا، اگرچہ اس کا بجٹ چونتیس کروڑ ڈالر تھا۔ فلم کے اختتام پر ایک سنسنی خیز کلائمکس دکھایا گیا تھا، جسے سیریز کے آخری دو حصوں کا پہلا حصہ قرار دیا گیا۔

خبر رساں ایجنسی دی ایکس پریس ٹربیون کے مطابق ، ابھی یہ واضح نہیں کہ فاسٹ 11 اس کہانی کو وہیں سے آگے بڑھائے گی یا کوئی نیا رخ اختیار کرے گی۔ تاہم وِن ڈیزل کی باتوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم میں اختتامی جذبات اور سیریز کے ابتدائی موضوعات کو اہمیت دی جائے گی۔
فلم اسٹوڈیو نے ابھی تک برائن اوکانر کے کردار کی شمولیت کے طریقے کی تصدیق نہیں کی، لیکن وِن ڈیزل کے اعلان کے بعد مداحوں میں دلچسپی بڑھ گئی ہے اور سیریز کی آخری قسط کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے