کراچی کے علاقے جمشید ڈویژن میں پولیس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث دو خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
کراچی پولیس کے مطابق ایس ایس پی ایسٹ کی ہدایت پر ٹیپو سلطان تھانے کی ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شاہ میر عرف ببلو ولد اجمل اعوان اور شایان ولد محمد عمر کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں درجنوں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے ایک غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن، تین چھینے ہوئے موبائل فونز، ایک موٹر سائیکل اور نقدی رقم برآمد کر لی گئی ہے۔

کراچی پولیس کے مطابق برآمد کی گئی موٹر سائیکل سے متعلق مقدمہ الزام نمبر 601/2025 بجرم دفعہ 397/34 کے تحت تھانہ فیروز آباد میں درج ہے۔
کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ضابطے کے مطابق مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جب کہ مزید تفتیش کے لیے انہیں تفتیشی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔