Follw Us on:

ایرانی سفیر کی حافظ نعیم سے ملاقات: ‘اسرائیلی، امریکی جارحیت کے خلاف حمایت پر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کرتے ہیں’

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Hafiz naeem
جماعت اسلامی شہدا کی مغفرت کے لیے دعاگو ہے اوران کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتی ہے۔ (فوٹو: فائل)

پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے اسرائیلی اور امریکی جارحیت کے خلاف ایران کی حمایت پرپاکستان کی حکومت،عوام اور بالخصوص جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیاہے۔ ایرانی سفیر نے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کے اعزاز میں سفارت خانہ میں اپنی جانب سے دیے گئے ظہرانہ میں اظہارِ خیال کیا اور امیر جماعت اسلامی کو شکریہ کا خط بھی دیا۔

امیر جماعتِ اسلامی نے اسرائیل اور امریکا کے مقابل استقامت دکھانے پر ایرانی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی شاندار قیادت کرنے پر ایران کے رہبر معظم علی خامنائی اور دیگر قیادت قابل مبارک باد ہے۔ جماعت اسلامی شہدا کی مغفرت کے لیے دعاگو ہے اوران کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل ایران میں حکومت کی تبدیلی کی غرض سے آئے تھے، مگر انہیں اپنے عزائم کی تکمیل میں مکمل ناکامی ہوئی ہے اوراس کی بنیادی وجہ ایرانی حکومت اور عوام کا بہادری کے ساتھ حملہ آور افواج کا مقابلہ کرنا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مسلمان ممالک کو آپس کے اختلافات بالائے طاق رکھ کر دشمن کے مقابلے میں یک آواز ہو جانا چاہیے۔اسرائیل اور امریکا کسی اسلامی ملک کو طاقت ور بنتے ہوئے نہیں دیکھ سکتا۔ دشمن ایک ایک کر کے تمام اسلامی ممالک کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔اس وقت اسرائیل اور امریکا کے عزائم کو متحد ہو کر ہی ناکام بنایا جا سکتا ہے۔

Hafiz naeem ii
قوم کی شاندار قیادت کرنے پر ایران کے رہبر معظم علی خامنائی اور دیگر قیادت قابل مبارک باد ہے۔ (فوٹو: فائل)

ان کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان باہمی تجارت کو فروغ دیں، گیس پائپ لائن منصوبے کو تکمیل تک پہنچایا جائے اور ایران سے تیل کی در آمد کے لیے دونوں حکومتیں باضابطہ لائحہ عمل بنائیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان،ایران اور ترکی سیاسی، دفاعی اور اسٹریٹجک اتحاد بنائیں،اگر یہ تین ممالک مشترکہ دفاع کا معاہدہ کر لیں تو دنیا کی کوئی طاقت ان پر حملہ کرنے کی جرات نہیں کر سکتی

انہوں نے کہا کہ ایران کی حکومت نے غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت کے ذریعے فلسطین کی آزادی کی جدو جہد کو تقویت پہنچائی ہے۔ہم ایرانی حکومت کی جانب سے القدس کی آزادی کے لیے کی جانے والی کاوشوں پر ان کی تحسین کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور جماعت اسلامی فلسطین کی مکمل آزادی تک فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ موجود رہیں گے۔ پاکستان اپنے تاریخی اور روایتی مؤقف پر مضبوطی سے کھڑا ہے۔ جماعت اسلامی مسلمانوں کے درمیان رنگ،نسل،زبان اور مکاتب فکر کی تقسیم سے بالا تر ہو کر اتحاد امت کے لیے کوشاں ہے۔

امیر جماعت اسلامی کو ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے اظہار تشکر کے خط میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پر حالیہ صہیونی جارحیت،جو ریاست ہائے متحدہ امریکا اور دیگر استعماری طاقتوں کی سر پرستی اور شراکت سے انجام پائی، عالمی قوانین،انسانی اقدار اور اخلاقی اصولوں کی صریح خلاف ورزی تھی، لیکن یہ مسلط کردہ جنگ اللہ کے فضل، رہبر معظم کی بصیرت،اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی جرات مند قربانیوں اور ایرانی قوم کے اتحاد و استقامت کے باعث دشمنوں کی ناکامی اور ان کے لیے رسوائی کا سبب بنی، جب کہ ملت ایران اور تمام اسلامی اقوام کے لیے وقار اور امید کا پیغام لے کر آئی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایسے نازک وقت میں امیر جماعت اسلامی کی اصولی اور بھر پور حمایت نیز پاکستان کے غیور عوام کی طرف سے اسلامی جمہوریہ ایران سے اظہار یکجہتی اور اس سنگین جارحیت کی کھلے الفاظ میں مذمت ایرانی قوم کے لیے باعث تسلی و تقویت بنی اور اسلامی اقوام و حکومتوں کے درمیان اخوت و اتحاد کو مزید مضبوط کیا۔

Hafiz naeem iii
پاکستان اپنے تاریخی اور روایتی مؤقف پر مضبوطی سے کھڑا ہے۔ (فوٹو: فائل)

انہوں نے کہا کہ امیر جماعت کی استقامت اور یکجہتی ایران و پاکستان کے درمیان گہرے دینی،ثقافتی اور برادارنہ روابط کا واضح ثبوت ہے جو دو طرفہ تعلقات کی تابناک تاریخ میں ایک سنہری باب کے طور پر محفوظ رہے گی۔

امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عظیم ملت کی جانب سے امیر جماعت کی طرف سے حمایت ہم آہنگی اور حق گوئی پر دل کہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور بارگاہ رب العزت سے آپ کی عزت،صحت اور مزید کامیابیوں کے لیے دعاگو ہوں۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کے شعبہ امور خارجہ کے ڈائریکٹر آصف لقمان قاضی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس