ہالی ووڈ کے معروف اداکار مائیکل میڈسن امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر مالیبو میں واقع اپنے گھر میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 67 برس تھی۔
امریکی نشریاتی ادارے دی ہالی ووڈ رپورٹر کے مطابق مائیکل میڈسن کو ان کے گھر پر بے ہوش پایا گیا۔ پولیس کو 911 پر کال موصول ہوئی جس کے بعد اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور صبح 8 بج کر 25 منٹ ‘مقامی وقت’ پر ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔
اداکار کے نمائندے کے مطابق ابتدائی معلومات سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔
مائیکل میڈسن کو ہدایت کار کوئنٹن ٹیرنٹینو کی فلموں میں ادا کیے گئے کرداروں کی وجہ سے عالمی شہرت ملی۔ ان کی مشہور فلموں میں ریزروائر ڈاگز، کل بل والیم 2، دی ہیٹ فل ایٹ اور ونس اپون اے ٹائم ان ہالی وڈ شامل ہیں۔
فلم ریزروائر ڈاگز میں انہوں نے مسٹر بلونڈ کا کردار ادا کیا تھا جسے فلم کے دیگر کرداروں نے سائیکو قرار دیا تھا۔ اس کردار کا ایک مشہور منظر وہ تھا جس میں وہ ایک پولیس افسر کا کان کاٹتے ہیں جس پر فلم بینوں نے شدید ردعمل دیا تھا۔
چار دہائیوں پر مشتمل اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے متعدد فلموں اور ٹی وی سیریلز میں کام کیا۔ ان کے کردار اکثر قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں جیسے شیرف اور جاسوس یا قانون شکن افراد جیسے قاتل یا چور پر مبنی ہوتے تھے۔
حالیہ برسوں میں مائیکل میڈسن نے کئی ویڈیو گیمز میں بھی اپنی آواز دی ہے جن میں گرینڈ تھیفٹ آٹو III اور ڈس آنرڈ سیریز شامل ہیں۔
مائیکل میڈسن ستمبر 1957 میں شکاگو میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد جنگ عظیم دوم کے نیوی کے سابق اہلکار تھے جو بعد میں فائر فائٹر بن گئے جب کہ ان کی والدہ فلم ساز تھیں۔
وہ اداکارہ ورجینیا میڈسن کے بھائی تھے جنہوں نے فلم سائیڈ ویز میں اداکاری کے لیے آسکر اور گولڈن گلوب کے لیے نامزدگیاں حاصل کی تھیں۔
مائیکل میڈسن کی تین شادیاں ہوئیں۔ ان کے چار بچے ہیں، جن میں ایک بیٹا کرسچین میڈسن بھی اداکار ہے۔ پیپل میگزین کے مطابق 2024 میں انہوں نے اپنی اہلیہ ڈی اینا سے 28 سالہ شادی کا اختتام اپنے بیٹے ہڈسن کی موت کے بعد کیا تھا۔
اداکار کی بہن ورجینیا میڈسن نے ویریٹی کو ایک بیان میں کہا میرے بھائی مائیکل اسٹیج سے رخصت ہو گئے۔
تاحال امریکی حکام یا فلمی صنعت کی کسی بڑی تنظیم کی جانب سے باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔