Follw Us on:

یومِ عاشور: ملک بھر میں 4836 جلوس اور 5480 مجالس کا اہتمام، سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، وزارتِ داخلہ

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
وزارت داخلہ کے مطابق اسلام آباد میں آج 54 مجالس اور 12 جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ (فوٹو: ڈان نیوز)

یوم عاشور کے موقع پر آج ملک بھر میں 4836 ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں جبکہ 5480 سے زائد مجالسِ عزا کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق 1301 علاقے انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اسلام آباد میں مرکزی مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے جو صوبائی حکومتوں کے کنٹرول رومز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور لمحہ بہ لمحہ معلومات کا تبادلہ جاری ہے۔ اس اہم موقع پر وزیر مملکت طلال چوہدری اور سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی حالات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کو بھی امن و امان کی صورتحال سے مسلسل اپ ڈیٹ فراہم کی جا رہی ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق اسلام آباد میں آج 54 مجالس اور 12 جلوس نکالے جا رہے ہیں، جب کہ پنجاب میں 2502 مجالس اور 3025 جلوس، سندھ میں 1040 مجالس اور 1039 جلوس، خیبرپختونخوا میں 735 مجالس اور 257 جلوس، بلوچستان میں 32 مجالس اور 24 جلوس، گلگت بلتستان میں 1070 مجالس اور 141 جلوس، اور آزاد کشمیر میں 47 مجالس اور 41 جلوس منعقد کیے جا رہے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا ہے کہ 9 ویں محرم کی طرح یوم عاشور پر بھی تمام فورسز اور سول انتظامیہ ہائی الرٹ پر ہیں۔ (فوٹو: ڈان نیوز)

محسن نقوی نے کہا ہے کہ 9 ویں محرم کی طرح یوم عاشور پر بھی تمام فورسز اور سول انتظامیہ ہائی الرٹ پر ہیں۔ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت اور فرقہ واریت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے تاکہ ملک میں بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔

وزیر داخلہ نے مؤثر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “انشااللہ یوم عاشور بخیر و عافیت گزرے گا”۔ انہوں نے پاک فوج، رینجرز، پولیس، سول انتظامیہ اور دیگر اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور قربانیوں سے ملک میں امن قائم ہے۔

واضح رہے کہ یوم عاشور کے موقع پر تمام بڑے شہروں میں موبائل سروسز بند، ڈبل سواری پر پابندی، اور داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس