بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ کی نئی ایکشن تھرلر فلم دھُرندھر کا پہلا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے جسے ان کے یوم پیدائش کے موقع پر ریلیز کیا گیا۔ فلم کو انڈیا کے جیو اسٹوڈیوز اور بی( 62 )اسٹوڈیوز نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا ہے۔
ہدایت کار آدتیہ دھر جنہوں نے اس سے قبل فوجی موضوع پر مبنی فلم یوری ،دی سرجیکل اسٹرائیک بنائی تھی اس نئے پراجیکٹ میں بطور ہدایت کار مصنف اور پروڈیوسر تینوں ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ فلم 5 دسمبر 2025 کو دنیا بھر میں سینیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

دو منٹ اور چالیس سیکنڈ پر مشتمل اس ٹیزر میں ایکشن سنسنی اور معمہ جیسے عناصر کو یکجا کیا گیا ہے۔ مرکزی کردار میں رنویر سنگھ کے علاوہ سنجے دت ،اکشے کھنہ، آر. مادھون اور ارجن رامپال بھی فلم کا حصہ ہیں۔
ٹیزر میں پیش کیے گئے گانے کی موسیقی ششوت نے ترتیب دی ہے جبکہ گلوکارہ جیسمن سندلاس نے اپنی آواز دی ہے۔ اس ٹریک میں نئے دور کے ہِپ ہاپ آرٹسٹ ہنومین کائنڈ کا اشتراک بھی شامل ہے، جن کا انداز مختلف اصناف کو یکجا کرنے کی وجہ سے مقبول ہو رہا ہے۔

فلم کی کہانی کے بارے میں جیو اسٹوڈیوز اور بی( 62 )اسٹوڈیوز کا کہنا ہے کہ دھُرندھر ایک ایسے نامعلوم کرداروں کی ان کہی کہانی بیان کرے گی جو مرکزی دھارے سے ہٹ کر اپنی قربانیاں دیتے ہیں۔ یہ انداز آدتیہ دھر کی سابقہ فلم کی تھیم سے مشابہت رکھتا ہے۔
رنویر سنگھ نے (2010 )میں یش راج فلمز کی رومانوی کامیڈی بینڈ باجا بارات سے ڈیبیو کیا، جس پر انہیں فلم فیئر ایوارڈ برائے بہترین نووارد اداکار بھی ملا۔ وہ انڈیانا یونیورسٹی، بلومنگٹن سے ٹیلی کمیونیکیشن میں ڈگری حاصل کر چکے ہیں اور اداکاری سے قبل اشتہاری صنعت سے وابستہ رہے۔
رنویر سنگھ نے سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ رام لیلا، باجی راو مستانی اور پدماوت جیسی فلموں میں کام کر کے خود کو ایک مستند اداکار کے طور پر منوایا۔ ان کی فلم گلی بوائے کو برلن فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا، جس پر انہیں بہترین اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ بھی ملا۔ ان کی حالیہ کامیاب فلم راکی اور رانی کی پریم کہانی تھی۔
رنویر سنگھ اداکارہ دپیکا پڈوکون کے شوہر ہیں اور ایک بیٹی کے والد بھی ہیں۔ وہ اپنی فیشن سینس کی وجہ سے بھی خبروں میں رہتے ہیں۔