مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ 2025 میں میٹا آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) منصوبے پر 60 سے 65 ارب ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کے سی ای او مارک زکربرگ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ یہ سال مصنوعی ذہانت (AI) کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوگا۔ مجھے توقع ہے کہ 2025 میں میٹا اے آئی میں ایک ایسا نمایاں اسسٹنٹ ہوگا جو ایک ارب سے زائد افراد کو خدمات فراہم کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ Llama 4 دنیا کا سب سے جدید ماڈل بن جائے گا۔ ہم ایک ایسا AI انجینئر تیار کریں گے جو ہمارے تحقیقی اور ترقیاتی کاموں میں تیزی سے زیادہ کوڈ لکھ کر تعاون کرے گا۔ اس مقصد کو پورا کرنے کے لیے میٹا ایک 2 گیگا واٹ سے زیادہ کا ڈیٹا سینٹر بنا رہا ہے جو اتنا بڑا ہے کہ مین ہٹن کے ایک بڑے حصے کو کور کر سکے۔
مارک زکر برگ نے کہا کہ 2025 میں تقریباً 1 گیگا واٹ کمپیوٹ پاور کو فعال کریں گے اور سال کے اختتام تک ہمارے پاس 13 لاکھ سے زائد جی پی یوز ہوں گے۔ ہم اس سال سرمایہ کاری کے طور پر 60-65 بلین ڈالر خرچ کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں اور ساتھ ہی اپنے AI ٹیموں میں بھی نمایاں اضافہ کریں گے۔ ہمارے پاس آئندہ سالوں میں بھی سرمایہ کاری جاری رکھنے کے لیے مالی وسائل موجود ہیں۔
مارک زکر برگ نے مزید کہا کہ یہ ایک وسیع منصوبہ ہے۔ آنے والے سالوں میں یہ ہماری بنیادی مصنوعات اور کاروبار کو تقویت دے گا، تاریخی جدتوں کا دروازہ کھولے گا، اور امریکی ٹیکنالوجی کی برتری کو مزید آگے بڑھائے گا۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ آئیں! مل کر یہ خواب حقیقت بنائیں۔