کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 کے اتحاد کمرشل میں واقع ایک فلیٹ سے معروف اداکارہ اور ماڈل حمیرا اصغر علی کی کئی دن پرانی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب فلیٹ کے مالک کی طرف سے کرایہ کی ادائیگی نہ ہونے پر ایک بیلف نے فلیٹ کا معائنہ کیا۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ 35 سالہ حمیرا اصغر کئی سالوں سے اکیلے اس فلیٹ میں رہ رہی تھیں اور 2018 میں اس فلیٹ کو کرایہ پر لیا تھا۔ تاہم 2024 سے وہ کرایہ ادا نہیں کر رہی تھیں اور اس کے بعد مالک مکان نے سی بی سی میں کیس دائر کیا تھا۔ آج بیلف فلیٹ کا معائنہ کرنے آیا تو لاش برآمد ہوئی۔
مقامی افراد نے پولیس کو بتایا کہ حمیرا اصغر ماڈل اور اداکارہ تھیں، لیکن ان کی موت کا وقت واضح نہیں۔ پولیس نے واقعے کو ابتدائی طور پر طبعی نوعیت کا قرار دیا ہے۔ لاش کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد اس واقعے کی تفصیلات سامنے آ سکیں گی۔
ایس ایس پی ساؤتھ کراچی کا کہنا ہے کہ فلیٹ کو سیل کردیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چونکہ لاش کئی دن پرانی ہے، اس لیے شناخت ممکن نہیں ہو سکی۔ ڈی این اے سیمپلز کی مدد سے خاتون کی شناخت کی جائے گی۔ پولیس حکام کے مطابق بلڈنگ کے مکینوں نے خاتون کا نام حمیرا اصغر بتایا ہے اور وہ ماڈل اور اداکارہ تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر موجود تصاویر کے ذریعے اس بات کا کہنا مشکل ہے کہ یہ لاش اسی خاتون کی ہے، تاہم بعد میں خاتون کے کمرے سے ان کا موبائل فون ملا جس میں شناختی کارڈ کا ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس ریکارڈ کی مدد سے مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔
مزید پڑھیں:عدالت کے حکم پر 27 پاکستانی یوٹیوب چینلزبند کرنے کی تیاریاں،کون کون سے صحافی شامل ہیں؟
یاد رہے کہ حمیرا اصغر نے 2022 میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے رئیلٹی شو ’تماشہ گھر‘ میں شرکت کی تھی، جس کے بعد وہ کئی بار میڈیا کی سرخیوں کا حصہ بن چکی تھیں۔