پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر نمایاں مندی کا رجحان دیکھا گیاہے جس کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر فروخت کی گئی۔
ابتدائی اوقات میں کے ایس ای-100 انڈیکس تقریباً 984 پوائنٹس کمی کے ساتھ 1,32,419.08 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا، جو 0.74 فیصد کمی کو ظاہر کرتا ہے۔

اس مندی کے دوران کمرشل بینکس، کھاد، تیل و گیس کی تلاش، اور ریفائنری جیسے کلیدی شعبوں میں فروخت دیکھی گئی۔ انڈیکس میں زیادہ وزن رکھنے والے اداروں جیسے اٹک ریفائنری (اے آر ایل) نیشنل ریفائنری (این آر ایل) مری پیٹرولیم (ایم اے ار آئی) او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی او ایل، ایم سی بی، میزان بینک، اوریو بی ایل کے شیئرز منفی زون میں رہے۔
اس سے قبل منگل کو مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا ماحول رہا تھا اور دن کے اختتام پر 1,33,403.19 پوائنٹس پر صرف 33 پوائنٹس یا 0.02 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوئی تھی۔
ماہرین کے مطابق حالیہ گراوٹ کی ممکنہ وجوہات میں مالیاتی پالیسیوں میں غیریقینی، عالمی مارکیٹوں کی صورتحال، اور ملکی سیاسی ماحول میں عدم استحکام شامل ہیں۔ سرمایہ کار اس وقت محتاط رویہ اپنائے ہوئے ہیں اور نئی سرمایہ کاری سے گریز کر رہے ہیں۔