نیراج چوپڑا اور ارشد ندیم پہلی بار پیرس اولمپکس 2024 کے بعد سلیزیا ڈائمنڈ لیگ میں آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ مقابلہ 16 اگست کو پولینڈ میں منعقد ہوگا، جس کی تصدیق منتظمین نے ہفتہ 12 جولائی کو کی ہے۔
انڈین خبررساں ادارے انڈیا ٹوڈے کے مطابق پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتنے کے بعد سے نیراج چوپڑا نے سخت محنت کی اور اس سال اپنی بہترین فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 90 میٹر کی حد کو عبور کرکے اور پیرس ڈائمنڈ لیگ جیت کر اپنی فٹنس کا ثبوت دیا ہے۔
ڈائمنڈ لیگ کے منتظمین نے کہا ہے کہ یہ مقابلہ عالمی چیمپئن نیراج اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد کے درمیان دلچسپ جنگ ہوگی اور یہ نیراج کے لیے اپنی شکست کا بدلہ لینے کا بہترین موقع ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ نیراج چوپڑا ارشد ندیم کا سامنا کریں گے۔ پولینڈ کے شائقین کے لیے یہ پہلی موقع ہوگا، جب وہ پیرس اولمپکس کے بعد اس دوڑ کی انتقام لینے کی لڑائی دیکھیں گے۔

منتظمین نے مزید کہا کہ ارشد ندیم کی موجودہ فارم ایک راز کی طرح ہے کیونکہ وہ یورپی سرکٹ پر کم ہی نظر آتے ہیں، تاہم 16 اگست کو وہ نیراج سے مقابلہ کرنے کے لیے خصوصی طور پر آئیں گے۔
واضح رہے کہ پیرس اولمپکس 2024 میں ارشد ندیم نے شاندار 92.97 میٹر کے تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا، جب کہ نیراج چوپڑا نے سلور میڈل اپنے نام کیا تھا۔
دوسری جانب نیراج چوپڑا اس بہار میں 90 میٹر سے زائد تھرو کرنے والے 26 ویں ایتھلیٹ بنے ہیں اور وہ مزید کامیابی کے لیے پُرعزم ہیں۔
پیرس اولمپکس کے بعد نیراج نے جان زیلینزی کے ساتھ مل کر اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر کام کیا ہے اور اب تک کافی نتائج بھی ملے ہیں، جب کہ ارشد ندیم نے 2024 کا سیزن پیرس اولمپکس گولڈ کے ساتھ مکمل کیا ہے اور اس سال صرف ایک مقابلے میں حصہ لیا ہے۔

ارشد ندیم نے 31 مئی کو جنوبی کوریا کے گومی میں ہونے والے ایشین چیمپئن شپ میں 86.40 میٹر کے تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا۔
خیال رہے کہ سلیزیا ڈائمنڈ لیگ کا یہ مقابلہ دونوں ایتھلیٹس کے لیے ستمبر میں ٹوکیو میں ہونے والے ورلڈ چیمپئن شپ کی تیاریوں کا اہم حصہ بھی ہوگا۔