امریکا کی شہرۂ آفاق گلوکارہ اور 1960 کی دہائی کی سپر اسٹار کونی فرانسس 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ان کے قریبی دوست اور میوزک لیبل “کونچیٹا ریکارڈز” کے صدر، ران رابرٹس نے جمعرات کی صبح فیس بک پر ان کی وفات کی تصدیق کی۔
ران رابرٹس نے اپنے پیغام میں لکھا کہ انتہائی افسوس اور دکھی دل کے ساتھ آپ کو اطلاع دے رہا ہوں کہ میری عزیز دوست کونی فرانسس گزشتہ شب اس دنیا سے رخصت ہو گئی ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ کونی چاہتی تھیں کہ ان کے مداح سب سے پہلے یہ افسوسناک خبر جانیں۔ مزید تفصیلات جلد شیئر کی جائیں گی۔
دو ہفتے قبل کونی فرانسس نے فیس بک پر اطلاع دی تھی کہ وہ شدید دردکے باعث اسپتال میں داخل ہیں۔ 4 جولائی کو ایک پوسٹ میں انہوں نے بتایا تھا کہ وہ کافی بہتر محسوس کر رہی ہیں، تاہم 2 جولائی کو پتہ چلا کہ وہ دوبارہ اسپتال میں داخل ہو چکی ہیں اور ان کے مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تاکہ تکلیف کی وجوہات کا پتہ چلایا جا سکے۔
حالیہ دنوں میں کونی فرانسس کا 1962 میں ریلیز کیا گیا مشہور گیت “Pretty Little Baby” ٹک ٹاک پر وائرل ہے، جس سے وہ نئی نسل میں ایک بار پھر مقبول ہوئیں۔

کونی فرانسس جن کا اصل نام کونچیٹا فرانکونیرو تھا، 1937 میں نیو جرسی کے شہر نیوارک میں پیدا ہوئیں۔ صرف 4 سال کی عمر میں انہوں نے اپنے والد کے اصرار پر گانے کے مقابلوں اور پیجینٹس میں حصہ لینا شروع کر دیا۔ بعد ازاں انہوں نے این بی سی کے پروگرام Startime Kids میں بھی پرفارم کیا۔ 1955 میں ایم جی ایم ریکارڈز سے معاہدہ کیا، مگر ابتدائی 18 گانے ناکام رہے۔
1957 میں اُن کے والد کے اصرار پر انہوں نے 1923 کے کلاسک گیت “Who’s Sorry Now?” کو ریکارڈ کیا۔ ابتدا میں یہ گانا بھی مقبول نہ ہو سکا، لیکن جب یہ 1958 میں ڈک کلارک کے پروگرام American Bandstand پر پیش کیا گیا تو راتوں رات کامیاب ہو گیا اور امریکا و برطانیہ میں چارٹ پر چھا گیا۔
مزید پڑھیں:سینئر اینکر جیسمین منظور نے سابق شوہر پر تشدد کا الزام لگا دیا، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل
کونی فرانسس کی ذاتی زندگی میں کئی دردناک سانحات پیش آئے، 1977 میں ایک ناکام سرجری کے باعث وہ عارضی طور پر آواز سے محروم ہو گئیں اور 1981 میں ان کے بھائی جارج کو مافیا نے قتل کر دیا۔ ذہنی صحت کے مسائل کے باعث انہیں متعدد بار اسپتالوں میں داخل کیا گیااور انہوں نے 1984 میں خودکشی کی کوشش بھی کی۔