ایشین انڈر 16 والی بال چیمپیئن شپ کا فائنل میچ آج تھائی لینڈ میں پاکستان اور ایران کے مابین کھیلا گیا، جس میں پاکستان نے دفاعی چیمپیئن ایران کو شکست دے کر پہلی بار ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پاکستان نے ابتدائی دو سیٹ ہارنے کے بعد کم بیک کرکے تاریخی فتح اپنے نام کی، پاکستان نے دفاعی چیمپیئن ایران کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
فائنل میں پاکستان نےسنسنی خیز مقابلے کے بعد ایران کو 3-2 سے ہرایا، پاکستان کی جانب سے محمد جنید اور فیضان اللہ نے شاندار کھیل پیش کیا۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم پورے ایونٹ میں ناقابلِ شکست رہی ہے اور تاریخی کامیابی اپنے نام کی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سیمی فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف انڈیا کو تین-صفر سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
پاکستانی ٹیم نے یکطرفہ مقابلے میں پہلا سیٹ 16-25، دوسرا 19-25 اور تیسرا فیصلہ کن سیٹ 12-25 سے اپنے نام کر کے شاندار فتح حاصل کی تھی۔
پاکستان کی جانب سے جنید، فیضان، عرفان اور طلحہ نے بہترین کارکردگی دکھائی اور ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ گرین شرٹس ایونٹ میں ناقابل شکست رہی ہے اور ہر میچ میں حریف ٹیموں کو زبردست انداز میں مات دی ہے۔
مزید پڑھیں: ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ: پاکستان نے انڈیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی
دوسری جانب ایران نے بھی اچھا کھیل پیش کیا تھا اور سیمی فائنل میں جاپان کو صفر-تین سے شکست دی تھی۔ کوارٹر فائنل کی دوڑ میں بھی پاکستان نے ایران کو 1-3 سے شکست دے کر ٹاپ فور میں جگہ بنائی تھی۔
پاکستان نے گروپ ڈی میں کوریا، سعودی عرب اور چائنیز تائپے کو زیر کیا، جب کہ انڈونیشیا کو ہرا کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم کی شاندار کارکردگی کے باعث وہ عالمی انڈر 27 والی بال چیمپئن شپ 2026 کے لیے بھی کوالیفائی کر چکی ہے۔