لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے شیرپاؤ پل جلاؤ گھیراؤ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور سرفراز چیمہ کو 10، 10 سال قید کی سزا سنادی جبکہ شاہ محمود قریشی، حمزہ عظیم سمیت 6 ملزمان کو بری کر دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے شیرپاؤ پل جلاؤ گھیراؤ کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا ہے، عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید سمیت 9 ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی۔
ملزمان اور سرکاری وکلا کے حتمی دلائل مکمل ہونے کے بعد جج ارشد جاوید نے فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو اب سنا دیا گیا ہے۔
کیس کے ٹرائل کے دوران ایڈووکیٹ برہان معظم اور رانا مدثر عمر نے ملزمان کی جانب سے دلائل دیے تھے۔ تھانہ سرور روڈ پولیس نے دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آج ہی انسدادِ دہشت گردی عدالت سرگودھا نے 9 مئی کو میانوالی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی اور سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر، رکنِ قومی اسمبلی احمد چھٹہ، رانا بلال کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی۔
مزید پڑھیں:9 مئی کیس: پی ٹی آئی رہنما احمد خان بچھر کو 10 سال قید کی سزا
یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں اور سرکاری و عسکری تنصیبات پر حملوں کے واقعات پیش آئے تھے، جنہیں پاکستان کی سیاسی تاریخ کے سنگین ترین واقعات میں شمار کیا جاتا ہے، میانوالی میں بھی مظاہرین نے سرکاری عمارات کو نقصان پہنچایا اور امن و امان کی صورتحال کو شدید متاثر کیا۔