Follw Us on:

10 کروڑ سے زیادہ ریکارڈز فروخت کرنے والے بلیک سبتھ کے مرکزی گلوکار عوزی اوزبورن انتقال کر گئے

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

عوزی اوزبورن، جو بلیک سبتھ کے مرکزی گلوکار اور ’پرنس آف ڈارکنس‘ کے لقب سے دنیا بھر میں جانے جاتے تھے، 76 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے اہلِ خانہ نے ایک بیان میں بتایا کہ وہ اپنے پیاروں کے درمیان پرسکون انداز میں رخصت ہوئے، اور ان کی رازداری کا احترام کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

حال ہی میں عوزی اوزبورن نے بلیک سبتھ کے ساتھ دوبارہ شمولیت اختیار کی تھی اور 5 جولائی 2025 کو برمنگھم، انگلینڈ میں ایک شاندار الوداعی کنسرٹ میں شرکت کی تھی۔

اس کنسرٹ کو ’بیک ٹو دی بیگننگ‘ کا نام دیا گیا تھا جس میں دنیا کے مشہور بینڈز جیسے میٹالیکا، گنز این روزز، سلیئر، ٹول اور پانٹیرا نے شرکت کی۔ تقریباً چالیس ہزار مداحوں نے اس تاریخی لمحے کو دیکھا جب بلیک سبتھ کے اصل اراکین دو دہائیوں بعد ایک ساتھ اسٹیج پر آئے۔ عوزی اوزبورن نے اس کنسرٹ میں بیماریوں کے باوجود پرفارم کیا، وہ چمگادڑ جیسی نشست پر بیٹھ کر اسٹیج پر آئے۔

عوزی کئی سالوں سے مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔ 2019 میں صحت کے مسائل کے بعد 2020 میں انہیں پارکنسنز کی بیماری کی تشخیص ہوئی۔

اس کے بعد انہوں نے کئی سرجریز کروائیں، جن میں گردن، ریڑھ کی ہڈی اور ہاتھ کی سرجریاں شامل تھیں۔ وہ کئی برس تک فزیکل تھراپی کرتے رہے اور جسمانی کمزوری کے باوجود اپنے مداحوں کو الوداع کہنے کا جذبہ قائم رکھا۔

فروری میں ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ تمام تر جسمانی تکلیفوں اور مسائل کے باوجود وہ خوش ہیں کہ وہ اب بھی زندہ ہیں۔ عوزی اوزبورن نے موسیقی کی دنیا میں انقلاب برپا کیا۔

1969 میں بلیک سبتھ کے پہلے البم کو ہیوی میٹل موسیقی کی بنیاد سمجھا جاتا ہے، جب کہ ان کے دوسرے البم ’پیرانائڈ‘ میں آئرن مین، وار پگس اور پیرانائڈ جیسے یادگار گانے شامل تھے۔

1979 میں منشیات کے استعمال کے باعث انہیں بینڈ سے نکال دیا گیا، جس کے بعد انہوں نے سولو کیریئر کا آغاز کیا۔ 1980 میں ’بلیزرڈ آف اوز‘ اور 1981 میں ’ڈائری آف آ میڈ مین‘ جیسے کامیاب البمز ریلیز کیے جنہوں نے انہیں انفرادی طور پر بھی عالمی شہرت دلائی۔ ان کے گانے ’کریزی ٹرین‘ کو آج بھی راک میوزک کا کلاسک سمجھا جاتا ہے۔

انہوں نے دنیا بھر میں 10 کروڑ سے زائد ریکارڈز فروخت کیے اور انہیں دو بار راک اینڈ رول ہال آف فیم میں شامل کیا گیا، ایک بار 2006 میں بلیک سبتھ کے ساتھ اور دوسری بار 2024 میں بطور سولو فنکار۔

ان کی زندگی کے آخری دن ان کی بیوی شیرون، بچوں اور قریبی عزیزوں کے ساتھ محبت بھرے ماحول میں گزرے۔ ان کے مداح ان کی موسیقی، ان کے انداز اور ان کی شخصیت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس