پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی و چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے بلوچستان میں حالیہ ہوئے خاتون کے ظالمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں قرارداد پیش کردی۔
قرارداد میں قبائلی جرگے کے نام پر ایک مرد اور عورت کے قتل کو ناقابل معافی جرم قرار دیا گیا ہے، جس نے معاشرے کی اجتماعی ضمیر کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایسے شرمناک واقعات پاکستان کی عالمی ساکھ کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں اور ان کا خاتمہ صرف سخت قانونی نفاذ اور وسیع معاشرتی اصلاحات سے ممکن ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی آئے پارلیمنٹ کے فارم پر بات چیت کرے، ہم تیار ہیں، فیصل کریم کنڈی
حنا پرویز بٹ نے بلوچستان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس وحشیانہ جرم میں ملوث تمام مجرموں کو گرفتار کرے اور قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔
حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ قتلِ ناموس معاشرے پر ایک کالا دھبہ ہے اور اس ناسور کو ختم کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر مؤثر قوانین بنانے کی اشد ضرورت ہے۔