ایئرایشیا ایکس کی کوالالمپور سے چینگدو جانے والی پرواز میں مسافروں کے درمیان جھگڑا ہوا جو تکرار سے شروع ہو کر ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔
یہ واقعہ ایئرایشیا کی پرواز ڈی سیون تھری ٹو سکس پر پیش آیا جو شام چھ بج کر11منٹ پر کوالالمپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی اور رات 10بج کر 13منٹ پر چین کے تیانفو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری۔
خبر رساں ادارے نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق پرواز ایئر بس اے تھری ٹو زیرو پر مشتمل تھی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے جس میں ایک خاتون مرد مسافر پر حملہ کرتی دکھائی گئی ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق جہاز کی روشنی مدھم ہونے کے بعد ایک مرد مسافر نے باتیں کرنے والی خواتین سے خاموش رہنے کی درخواست کی۔ اس کے جواب میں جب خواتین نے انکار کیا تو مرد مسافر نے انہیں بیوقوف اور چپ رہو جیسے الفاظ سے مخاطب کیا۔ اس کے بعد جھگڑا شروع ہوا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سبز لباس اور سفید ٹوپی پہنے ایک خاتون سیٹ پر چڑھ کر
مرد مسافر کو گھونسے مار رہی ہیں۔ مرد مسافر نے کھانے کی ٹرے کو اپنے بچاؤ کے لیے استعمال کیا جبکہ فضائی عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا۔ اس دوران ایک اور خاتون اور ان کی والدہ بھی لڑائی میں شامل ہو گئیں۔
فضائی میزبانوں اور کیبن عملے نے مداخلت کر کے جھگڑا ختم کرایا اور مسافروں کو علیحدہ کر کے حالات پر قابو پایا۔ واقعے کے دوران کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
پرواز کے دوران عملے نے صورتحال سنبھال لی تھی تاہم ویڈیو وائرل ہونے کے بعد چینی حکام نے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملوث مسافروں سے مزید تفتیش کا امکان ہے۔
ابھی تک ایئرایشیا یا چینی ایوی ایشن حکام کی جانب سے واقعے پر باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔