حکومت پنجاب اور وفاقی وزارت مواصلات نے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان نئی موٹروے کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے جس سے دونوں شہروں کے درمیان فاصلہ 100 کلومیٹر کم ہو جائے گا اور سفر کا دورانیہ تقریباً ایک گھنٹہ گھٹ جائے گا۔
اس منصوبے کو آئندہ 30 سال کے ٹرانسپورٹ وژن کا حصہ قرار دیا گیا ہے جس پر حالیہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں باضابطہ تبادلہ خیال کیا گیا۔
نئے منصوبے کے مطابق موجودہ لاہور سیالکوٹ موٹروے کو خریاں اور اسلام آباد تک توسیع دی جائے گی۔
یہ توسیعی منصوبہ نہ صرف لاہور اور وفاقی دارالحکومت کے درمیان نیا کم فاصلے والا متبادل راستہ فراہم کرے گا بلکہ گوجرانوالہ گجرات خریاں جہلم اور گوجر خان جیسے بڑے شہروں کو بھی مؤثر انداز میں آپس میں جوڑے گا۔

موٹر وے کا نیا ٹریک 6 رویہ کا ہوگا اور اس میں جدید حفاظتی انتظامات ریلوے کراسنگز پر فلائی اوورز اسمارٹ کیمرے ایمرجنسی ریسپانس سسٹم اور گرین بیلٹس شامل ہوں گے تاکہ سفر کو محفوظ تیزرفتار اور ماحولیاتی لحاظ سے پائیدار بنایا جا سکے۔
وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ راہداری پنجاب کے ٹرانسپورٹ نظام کو بدل دے گی اور علاقائی رابطے کو نئی سطح تک لے جائے گی۔ اس سے نہ صرف سفر میں آسانی ہو گی بلکہ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
اجلاس میں لاہور میں ملتان روڈ سے رنگ روڈ تک زیرِ تعمیر موٹروے سیکشن کو جلد از جلد مکمل کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ یہ حصہ لاہور کی شہری ٹریفک کو بائی پاس کرنے کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔
اسی طرح حدیارہ سے رنگ روڈ تک سڑک کو خوبصورت بنانے کا ایک الگ منصوبہ بھی تیار کیا جا رہا ہے جس پر جلد کام شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیاہے۔

پروجیکٹ کے ابتدائی تخمینے کے مطابق نئی موٹروے کی لمبائی تقریباً 250 کلومیٹر ہو سکتی ہے جبکہ اس پر تعمیراتی کام آئندہ مالی سال میں شروع ہونے کا امکان ہے۔
وزارتِ مواصلات کے مطابق اس منصوبے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ حکومتی وسائل پر کم بوجھ ڈالا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے تحت صرف انفراسٹرکچر ہی بہتر نہیں ہوگا بلکہ مقامی معیشت روزگار کے مواقع اور کاروباری روابط میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
وزارت مواصلات منصوبے کی مزید تفصیلات فنڈنگ ماڈل اور ٹائم لائنز جلد جاری کرے گی۔ اگر تمام مراحل وقت پر مکمل ہوئے تو آئندہ چند برسوں میں لاہور تا اسلام آباد سفر ایک نئی رفتار اور سہولت کے ساتھ ممکن ہوگا۔