Follw Us on:

پاکستان مذاکرات کے لیے تیار ہے، فیصلہ انڈیا کو کرنا ہے، دفترِ خارجہ

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Foreign office spokesperson shafqat ali khan
ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اس وقت امریکا کے سرکاری دورے پر ہیں۔ (فوٹو: منسٹری آف فارن آفیئرز)

دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان تمام تصفیہ طلب معاملات پر انڈیا کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے، اور اس سلسلے میں پاکستان کا مؤقف واضح ہے، اب فیصلہ انڈیا کو کرنا ہے کہ وہ اس پیشکش کا مثبت جواب دیتا ہے یا نہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اس وقت امریکا کے سرکاری دورے پر ہیں، جہاں ان کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات متوقع ہے۔ اس ملاقات میں ایران، جنگ بندی، اور عالمی و علاقائی امور پر گفتگو کی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق ایرانی صدر کا دورہ پاکستان ملتوی نہیں ہوا بلکہ نئی تاریخوں پر بات چیت جاری ہے۔

پاک ایران تعلقات پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات قائم ہیں اور آئندہ دورے میں کئی اہم معاملات زیر غور آئیں گے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن پر بات ہوگی یا نہیں، اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں پائیدار ترقی، اقتصادی اصلاحات اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے موضوعات پر پاکستان کے مؤقف کی وضاحت کی۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات میں مسئلہ کشمیر، سندھ طاس معاہدہ اور عالمی سطح پر تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پاکستان کی زیر صدارت قرارداد نمبر 2788 منظور کی ہے، جس کا مقصد عالمی تنازعات کے پرامن حل کو فروغ دینا ہے۔

فلسطین کے معاملے پر پاکستان کے مؤقف کو دہرایا گیا، ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ میں وزیر خارجہ کی تقریر میں فوری جنگ بندی، اسپتالوں اور اسکولوں پر حملے روکنے اور انسانی جانوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا گیا۔ پاکستان نے اسرائیل کے شام پر حملوں کی بھی سخت مذمت کی اور انہیں عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔

غزہ میں انسانی امداد کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ جیسے ہی راستے کھلیں گے، پاکستان فوری طور پر امداد روانہ کرے گا۔

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان کشیدگی پر پاکستان کی پوزیشن بیان کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان معاملے کو قریب سے دیکھ رہا ہے اور پرامن حل کا خواہاں ہے۔

افغانستان کے ساتھ تعلقات کے بارے میں ترجمان کا کہنا تھا کہ ویزا فراڈ کے معاملے پر تحقیقات جاری ہیں اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ دورہ افغانستان سے تعلقات میں بہتری آئی ہے، لیکن دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے اب بھی ایک اہم مسئلہ ہیں جن پر دونوں ممالک بات چیت کر رہے ہیں۔ افغان وزیر خارجہ کے آئندہ دورۂ پاکستان کی تفصیلات طے کی جا رہی ہیں۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت میں اضافہ ہو رہا ہے اور برکس کی رکنیت سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان اس حوالے سے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس