ایشین کرکٹ کونسل کا سالانہ اجلاس ڈھاکہ میں صدر محسن نقوی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں تمام 25 رکن ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں کرکٹ سے متعلق مختلف امور پر مشاورت کی گئی اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہوا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ تمام ارکان کی شرکت خوش آئند ہے اور ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
اجلاس خوشگوار ماحول میں ہوا اور کسی قسم کی سیاست زیر بحث نہیں آئی۔ سب کا اتفاق تھا کہ ہمیں کرکٹ کے لیے کام کرنا ہے اور اسی جذبے سے یہ اجلاس ہوا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ایشیا کپ کے اعلان سے متعلق جلد پیش رفت ہو گی اور اس حوالے سے تاریخوں کا اعلان جلد متوقع ہے۔ انڈین کرکٹ بورڈ سے بات چیت جاری ہے اور امید ہے کہ تمام معاملات جلد حل ہو جائیں گے۔
صدر اے سی سی نے کہا کہ ایسی میٹنگز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا کیونکہ یہ ایک ٹیم ورک ہے جس سے کرکٹ کے فروغ میں مدد ملے گی۔
اگر کچھ لوگ اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے تو یہ معمول کا حصہ ہے۔ میں بھی سنگاپور کے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکا تھا لیکن اصل بات یہ ہے کہ تمام اہم ممبران آج یہاں موجود تھے۔
مزید پڑھیں: ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ آج، کیا انڈیا شرکت کرے گا؟ محسن نقوی ڈھاکا پہنچ گئے
محسن نقوی نے بتایا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ بھی مختلف امور پر بات چیت جاری ہے اور ان معاملات پر پیش رفت جلد متوقع ہے۔
ان کے مطابق اجلاس میں کرکٹ کے فروغ کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر اے سی سی کے صدر نے ایک بار پھر تمام رکن ممالک کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کرکٹ کو درپیش چیلنجز کا حل باہمی مشاورت اور مسلسل رابطے سے ہی ممکن ہے۔