بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے اور سیریز کے آخری ٹی 20 میں میزبان بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے بنگلہ دیش کو 179 رنز کا ٹارگٹ دیا جس کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ساری ٹیم 104 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے سیف الدین، محمد نعیم اور مہدی حسن میراز کے علاوہ کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگر تک نہ پہنچ سکا۔ سیف الدین 35 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ مہدی حسن میراز اور محمد نعیم نے 10، 10 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا مقررہ چار اوورز میں 20 رنز کے عوض تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں گیند باز رہے۔ ان کے علاوہ محمد نواز اور فہیم اشرف نے دو دو جبکہ احمد دانیال، کپتان سلمان علی آغا اور حسین طلعت نے ایک ایک شکار کیا۔
قبل ازیں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے جارح مزاج اوپنر صاحبزادہ فرحان نے چھ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 63 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ حسن نواز 33 اور محمد نواز 27 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ جارح مزاج اوپنر صائم ایوب نے 15 گیندوں پر 21 رنز اسکور کیے۔ جارح مزاج وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث نے 14 گیندوں پر پانچ رنز کی مایوس کن اننگز کھیلی۔ کپتان سلمان علی آغا 9 گیندوں پر 12 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔ آل راؤنڈر حسین طلعت چار گیندوں پر ایک رنز بنا پائے جبکہ فہیم اشرف دو گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چار رنز ہی بنا پائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے سینئر گیند باز تسکین احمد مقررہ چار اوورز میں 38 رنز کے عوض تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں گیند باز رہے۔ ان کے علاوہ ناسم احمد نے دو جبکہ محمد سیف الدین اور شورفل اسلام نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ تین میچوں کی سیریز کے اس آخری میچ میں بنگلا دیشی ٹیم میں 5 جبکہ قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی۔ پاکستانی ٹیم میں فخر زمان اور خوشدل شاہ کی جگہ پر صاحبزداہ فرحان اور حسین طلعت کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، محمد حارث، حسن نواز، سلمان علی آغا، محمد نواز، حسین طلعت، فہیم اشرف، عباس آفریدی، سلمان مرزا اور احمد دانیال شامل ہیں۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی پلیئنگ الیون میں کپتان لٹن کمار داس، تنزید حسن تمیم، نعیم شیخ، مہدی حسن میراز، جاکر علی انیک، شمیم حسین پٹواری، محمد سیف الدین، شاک مہدی حسن، تسکین احمد، شوریفل اسلام اور نسیم احمد شامل ہیں۔
یاد رہے کہ بنگلادیش کو پاکستان کے خلاف 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہے۔
مزید پڑھیں:محسن نقوی کی صدارت میں اے سی سی کا سالانہ اجلاس مکمل: ’ایشیا کپ کی تاریخوں کا جلد اعلان کیا جائے گا‘
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی 20 انٹرنیشنل میں 24 بار آمنے سامنے ہوئے ہیں، جس میں پاکستان نے 19 میچ جیتے ہیں اور بنگلہ دیش نے صرف پانچ مواقع پر فتح حاصل کی ہے۔