قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کی ایک پرانی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ معمول سے کہیں زیادہ دُبلے دکھائی دے رہے ہیں۔
تصویر کے ساتھ یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ انہوں نے صرف دو ماہ میں 69 کلو وزن کم کیا ہے۔
یہ تصویر گزشتہ روز سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی جس پر متعدد صارفین نے حیرت اور تحسین کا اظہار کیا۔ تاہم کچھ افراد نے اتنے قلیل عرصے میں اتنا زیادہ وزن کم کرنے کے دعوے پر سوالات بھی اٹھائے۔

بعدازاں خود اعظم خان نے انسٹاگرام پر اسی تصویر کو دوبارہ شیئر کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ تصویر حالیہ نہیں بلکہ سال 2020 کی ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ کام جاری ہے مگر یہ تصویر 2020 کی ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق آٹھ ہفتوں میں 69 کلو وزن کم کرنا طبی اعتبار سے نہ صرف ناقابلِ عمل ہے بلکہ صحت کے لیے خطرناک بھی ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ اعظم خان اس سے قبل بھی فٹنس کے مسائل پر تنقید کا سامنا کر چکے ہیں۔ سال 2021 کی رپورٹس کے مطابق وہ قومی ٹیم میں شامل ہونے سے پہلے تقریباً 30 کلو وزن کم کر چکے تھے۔
ایک انٹرویو میں اعظم خان نے کہا تھا کہ میں اپنی جسمانی ساخت نہیں بدل سکتا مگر میری پوری توجہ فٹنس قائم رکھنے اور بہتر کارکردگی پر ہے۔