ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کنزا مرتضیٰ کی ہدایت پر میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ (ایم پی اینڈ ٹی ای) ڈائریکٹوریٹ نے فیصل ٹاؤن بلاک بی ون کے انتظامیہ کو غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیم چلانے پر نوٹس جاری کر دیا ہے۔ یہ اسکیم موضع بجنیال، تحصیل و ضلع راولپنڈی میں واقع ہے۔
جاری کردہ نوٹس میں غیر منظور شدہ پلاٹس کی فروخت، این او سی کی حیثیت کے بارے میں گمراہ کن معلومات پھیلانے اور سوشل میڈیا پر غلط اشتہارات کے ذریعے عوام کو دھوکہ دینے جیسے سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس منصوبے کو پنجاب ڈیولپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 (ترمیم شدہ 2014) اور پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیمز رولز 2021 کی خلاف ورزی کرنے والے پایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آر ڈی اے نے تین دیگر ہاؤسنگ اسکیمز کے خلاف ایف آئی آرز درج کروائیں ہیں، جن میں ال خان انکلیو، فیصل ہلز ٹیکسلا اور عبداللہ سٹی موضع راجر، چکری روڈ راولپنڈی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وادی تیراہ: برقمبر خیل قوم اور تحریک طالبان کے درمیان مذاکرات کامیاب، دھرنا ملتوی
مزید یہ کہ اس سے قبل آر ڈی اے نے واہ کینٹ ٹیکسلا اور وحدت کالونی پولیس اسٹیشنز کو ان اسکیمز کے غیر قانونی ترقیاتی کام، غیر مجاز اشتہارات اور غیر قانونی بکنگ و فائل سیلز کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔
جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بار بار نوٹس اور وارننگز کے باوجود ڈویلپرز نے آر ڈی اے کی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ یہ کارروائیاں پنجاب ڈیولپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 کی سیکشن 34 (1)-بی کے تحت جرم تصور کی جاتی ہیں اور قانون کے مطابق سزا کے حقدار ہیں۔
ڈی جی آر ڈی اے کنزا مرتضیٰ نے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر منظور شدہ اور غیر مجاز ہاؤسنگ اسکیمز میں سرمایہ کاری سے گریز کریں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی محنت کی کمائی محفوظ بنانے کے لیے آر ڈی اے کی ویب سائٹ یا بزنس فسیلیٹیشن سینٹر (بی ایف سی) کا دورہ کر کے منصوبے کی مکمل تصدیق کریں۔