امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ نئے تجارتی معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر انڈیا کو طنز کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر ایک پیغام میں کہا کہ وہ وائٹ ہاؤس میں تجارتی معاہدوں پر کام کرتے ہوئے مصروف ہیں اور انہوں نے کئی ممالک کے رہنماؤں سے بات کی ہے، جن میں ہر کوئی چاہتا ہے کہ امریکا خوش رہے۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ان کی جنوبی کوریا کے تجارتی وفد سے ملاقات طے ہے، جو امریکا پر 25 فیصد ٹیرف کے باوجود ٹیرف میں کمی کی پیشکش کر رہا ہے۔ وہ سننے میں دلچسپی رکھتے ہیں کہ جنوبی کوریا کی پیشکش کیا ہے۔
پاکستان کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ امریکا اور پاکستان نے ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت دونوں ممالک مل کر پاکستان میں تیل کے ذخائر کو ترقی دیں گے۔ اس شراکت داری کے لیے ایک آئل کمپنی کا انتخاب کیا جا رہا ہے جو اس منصوبے کی قیادت کرے گی۔
صدر ٹرمپ نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انڈیا پر طنز کیا اور کہا کہ ہو سکتا ہے کہ پاکستانی ایک دن انڈیا کو تیل فروخت کر رہے ہوں۔
Pakistan concludes deal with USA, AlhamdoLilah. pic.twitter.com/N3CXyQdIXd
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) July 31, 2025
انہوں نے مزید بتایا کہ دیگر ممالک بھی ٹیرف میں کمی کے لیے مختلف پیشکشیں کر رہے ہیں، جن سے امریکا کا تجارتی خسارہ نمایاں طور پر کم ہوگا۔ اس بارے میں ایک تفصیلی رپورٹ مناسب وقت پر جاری کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے ساتھ تجارتی ڈیل کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا میں پاکستان اور امریکا کے درمیان گزشتہ روز واشنگٹن میں کامیابی سے طے پانے والی تاریخی تجارتی ڈیل میں لیڈر شپ رول ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دل کی اتاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے مزید لکھا کہ یہ تجارتی معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط کرے گا اور اس معاہدے سے مستقبل میں پاک امریکا پائیدار شراکت داری کو مزید وسعت ملے گی۔
I wish to convey my profound thanks to President Trump @realDonaldTrump for his leadership role in finalization of the historic US-Pakistan trade agreement, successfully concluded by our two sides in Washington, last night.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) July 31, 2025
This landmark deal will enhance our growing cooperation…
معاہدے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر امریکی صدر کی پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے اپنے مختصر پیغام میں کہا کہ الحمد للہ پاکستان نے امریکا کے ساتھ معاہدہ مکمل کرلیا۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ تجارتی معاہدہ پاکستان کے تجارتی روابط کو امریکی ریاستوں تک وسعت دینے اور منڈیوں تک بہتر رسائی کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرے گا، جس سے نجی شعبے کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
معاہدے کے نتیجے میں پاکستان کے بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں میں امریکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے، جو ملک کی اقتصادی ترقی میں ممد و معاون ہوگا۔
واضح رہے کہ یہ معاہدہ پاکستان اور امریکہ کی قیادت کے اس عزم کی نشاندہی کرتا ہے کہ دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی اقتصادی تعلقات کو نئی جہتوں سے ہمکنار کرنے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔