فلوریڈا میں لیگس کپ کے افتتاحی میچ میں لیونل میسی کی دو شاندار اسسٹ کی بدولت انٹر میامی نے ایٹلس کو 2-1 سے شکست دے دی۔ میچ کا فیصلہ آخری لمحوں میں ہوا۔
یہ میسی کا پہلا میچ تھا اس کے بعد جب انہیں اور ان کے ساتھی جورڈی آلبا کو میجر لیگ ساکر (ایم ایل ایس) کی آل سٹار گیم میں شرکت نہ کرنے پر ایک میچ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 38 سالہ میسی نے اسٹاپیج ٹائم کے آخری لمحے میں مارسیلو ویگانٹ کے فیصلہ کن گول میں کلیدی کردار ادا کیا۔
میچ کے بعد عالمی نشریاتی ادارے ایپل ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں میسی نے کہا کہ یہ ایک ایسا مقابلہ ہے جس میں ہم ہمیشہ اچھا کھیلتے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ ہم نے ایک بہترین ٹیم کے خلاف شاندار کارکردگی دکھائی۔

میسی نے ٹیم کے پہلے گول میں بھی معاونت کی، جو ٹیلاسکو سیگوویا نے 58ویں منٹ میں اسکور کیا۔ سرجیو بوسکیٹس کی ایک عمدہ تھرو بال کو میسی نے سیگوویا کی جانب بڑھایا، جس پر انہوں نے آسانی سے گیند کو جال میں پہنچا دیا۔
گواڈالاخارا کلب کی جانب سے ریوالدو لوزانو نے 80ویں منٹ میں برابر گول اسکور کیا، تاہم 96ویں منٹ میں ویگانٹ کا گول، جو پہلے آف سائیڈ قرار دیا گیا تھا، وی اے آر کی مدد سے درست ثابت ہوا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ہاف سخت مقابلے کا حامل رہا، تاہم کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
مزید پڑھیں: دہشتگردی اور بگڑتی سیاسی صورتحال، بلوچستان میں بیرونی مداخلت زمینی حقائق پر کیسے اثرانداز ہو رہی ہے؟
میامی کے گول کیپر روکو ریوس نووو نے پہلے ہاف میں تین شاندار سیوز کیے، جن میں سے ایک میں انہوں نے ایڈوارڈو اگیری کے بیک پوسٹ ہیڈر پر زبردست انداز میں سلائیڈ کر کے گول بچایا۔ ہاف کے اختتام پر لوئس سواریز کا ایک شاٹ کراس بار سے ٹکرا گیا۔
ارجنٹائنی مڈفیلڈر روڈریگو ڈی پال نے انٹر میامی کے لیے اپنا ڈیبیو کیا۔ وہ میسی کے قریبی دوست اور ارجنٹائن کی قومی ٹیم کے ساتھی ہیں اور انہوں نے گزشتہ ہفتے کلب کے ساتھ باضابطہ معاہدہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ لیگز کپ، جو 2019 میں شروع ہوئی، امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی فٹبال لیگوں کے درمیان سالانہ انٹرلیگ مقابلہ ہے۔